مودی کے پارلیمانی حلقے میں اے بی وی پی کی شکست، کانگریس کی طلبہ تنظیم کامیاب

03:17PM Thu 9 Jan, 2020

وارانسی: وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں واقع سمپورنا نند سنسکرت یونیورسٹی طلباء یونین انتخابات میں کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی (نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا) نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) کو شکست دے کر این ایس یو آئی نے طلباء یونین کی چاروں سیٹوں پر قبضہ کیا ہے۔
انتخابات میں این ایس یو آئی کے شیوم شکلا نے اے بی وی پی کے ہرشیت پانڈے کے مقابلہ میں تقریباً دوگنے ووٹ حاصل کر کے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ علاوہ ازیں، نائب صدر کے عہدے پر چندن کمار مشرا، جنرل سکریٹری کے عہدے پر اویناش کمار مشرا اور لائبریری-سکریٹری کے عہدے پر رجنی کانت دوبے منتخب ہوئے۔
این ایس یو آئی کی کامیابی پر کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی ٹوئٹ کیا۔ پرینکا گاندھی نے لکھا، ’’سمپورنانند سنسکرت یونیورسٹی میں این ایس یو آئی کی فتح پر فخر ہے۔ چار میں سے چار۔ بہت خوب این ایس یو آئی۔‘‘
 صدر کے عہدے پر منتخب ہونے والے این ایس یو آئی کے شیوم شکلا نے 709 ووٹ حاصل کیے جبکہ اے بی وی پی کے ہرشیت پانڈے نے محض 224 ووٹ حاصل کیے۔ وہیں، چندن کمار مشرا 553 ووٹ حاصل کر کے نائب صدر کے عہدے پر منتخب ہوئے۔ جنرل سکریٹری کے عہدے پر اویناش مشرا منتخب ہوئے اور انہوں نے 487 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے حریف گورو دوبے نے 424 ووٹ حاصل کیے۔ لائبریری سکریٹری کے عہدے کے لئے رجنی کانت دوبے 567 ووٹ حاصل کر کے منتخب ہوئے، ان کے حریف اجے کمار مشرا نے 482 ووٹ حاصل کیے۔