Free Mega Health Check-up Camp at Anjuman Degree College on April 19; Specialist Doctors to Offer Services
09:33PM Wed 15 Apr, 2026
بھٹکل : 15 اپریل،2025 (بھٹکلیس نیوز بیورو) انجمن آرٹس، سائنس اینڈ کامرس کالج بھٹکل اور فادر مُولر میڈیکل کالج ہاسپٹل منگلورو کے اشتراک سے 19 اپریل کو صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک انجمن ڈگری کالج میں ایک مفت 'میگا ہیلتھ چیک اپ کیمپ' منعقد کیا جائے گا، جس میں مختلف بیماریوں کے ماہر ڈاکٹر سے عوام و خواص مفت میں اپنا طبی معائنہ کرواسکیں گے۔ اس کی اطلاع کالج کے پرنسپل یوسف کولا نے انجمن کالج میں منعقداخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دی۔
انہوں نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ اس کیمپ میں جنرل میڈیسن کے علاوہ آنکھوں کے امراض، ای این ٹی، امراضِ نسواں، بچوں کی بیماریوں کے ماہر، کینسر (آنکولوجی) سمیت نو مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹر اپنی خدمات انجام دیں گے۔
اس موقع پر فادر مُولر اسپتال کے پبلک ریلیشن آفیسر ڈاکٹر کیلوین نے بتایا کہ کیمپ میں شرکت کرنے والے تمام افراد کو 200 روپے مالیت کا ہیلتھ کارڈ مفت فراہم کیا جائے گا، جبکہ 150 روپے کی رجسٹریشن فیس بھی معاف کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کارڈ کے حامل افراد کو منگلورو کے فادر مُولر اسپتال میں عام علاج مفت فراہم کیا جائے گا، جبکہ سُوپر اسپیشالٹی او پی ڈی میں مشاورت پر 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ ڈاکٹر کیلوین کے مطابق کیمپ کے دوران آیوشمان بھارت اسکیم، آبھا کارڈ (ABHA) اور یشسونی اسکیم سمیت مختلف سرکاری ہیلتھ انشورنس اسکیموں سے متعلق معلومات اور رجسٹریشن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
اس ہیلتھ کیمپ کے کو۔آرڈینیٹر پروفیسر محمد غانم نے بتایا کہ فادر مُولر اسپتال منگلورو سے مختلف امراض کے قریب 45 ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم اس کیمپ میں شرکت کرے گی، جبکہ نرسنگ اور دیگر عملہ بھی بڑی تعداد میں اپنی خدمات انجام دے گا۔ انہوں نے کہا کہ 19 اپریل کو پوری کالج عمارت عارضی طور پر میڈیکل کیمپ میں تبدیل ہو جائے گی، جہاں تقریباً ہر طرح کے امراض کی جانچ ممکن ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ طبی معائنے کے بعد جن مریضوں کو علاج تجویز کیا جائے گا، انہیں تین دن کی ادویات بھی مفت فراہم کی جائیں گی۔
اخباری کانفرنس میں انجمن کے جنرل سکریٹری اسحاق شابندری، کالج بورڈ سکریٹری فیاض کولا، جناب اسماعیل جوکاکو موجود تھے۔

