کسانوں کی خودکشی پر روک لگانے نیا قانون بنے گا۔دیوے گوڈا
03:20PM Thu 11 Oct, 2018
وجئے پور ۔10؍اکتوبر (رفیع بھنڈاری) ریاست میں کسانوں کی خودکشی پر قابو پانے کے لئے بہت جلد ایک نیا قانون روبہ عمل لایا جائے گا۔یہاں سے قریب ناگٹھان اسمبلی حلقہ کی حدود میں آنے والے گاؤں تامبا میں سابق وزیراعظم و جنتادل (ایس) کے قومی صدر ایچ ڈی دیوے گوڈا نے نوراتری اتسوا کا افتتاح کرتے ہوئے اس خیال کا اظہار کیا۔انہوں نے بتایا کہ کسانوں کے قرضہ جات معاف کئے جانے کے باوجود کسانوں کی خودکشی کا سلسلہ ہنوز جاری ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعلیٰ کمارسوامی نے پہل کی ہے اور پچھلے اسمبلی اجلاس میں ڈبٹ ریلیف مسودے منظور کئے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ کسانوں کے اس مسودے کو صدر جمہوریہ کے دستخط کے لئے روانہ کیاگیا ہے اور امید کی جاتی ہے کہ بہت جلد یہ مسودہ قانون کی شکل اختیار کرلے گا اور اس کے بعد کسانوں کی خودکشی پر روکتھام کے لئے یہ قانون کارآمد ہوگا۔ دیوے گوڈا نے واضح طور پر بتایا کہ کسانوں کی خودکشی میں صرف پیداوار میں کمی وجہ نہیں ہے بلکہ دیگر وجوہات بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خودکشی ایک بڑا نقصان ہے جس سے نمٹنے اور قابو پانے کی ذمہ داری حکومت کی ہے۔اسی جذبہ کے تحت نیا قانون لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ کمارسوامی نے دلت طبقہ کے تعلیمی قرضہ جات کو معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس ضمن میں محکمہ سماجی بہبود کے کمشنر سے رپورٹ طلب کی گئی ہے اور توقع ہے کہ ایک یادو ماہ میں اس رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد دلت طبقہ کے تعلیمی قرضے معاف کردئے جائیں گے ۔ انہوں نے اپنے دور اقتدار میں ضلع وجئے پور میں آبپاشی کے میدان میں انجام دئے گئے کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ نالوں کے ذریعہ پانی بہانا باقی ہے ۔ اس کے لئے لفٹ اری گیشن اسکیموں کو مکمل کرنا ضروری ہے۔ دیوے گوڈا نے ناڈادیوی نوراتری کی مناسبت سے اس چھوٹے سے گاؤں میں ان کی آمد پر کہا کہ ملک بھر میں یہ تہوار منفر دانداز میں منایاجاتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر انہوں نے درگا دیوی سے ملک میں امن وامان کے لئے پرارتھنا کرتے ہوئے فسطائی طاقتوں سے ملک کو نجات دلانے کی منت مانگی ہے ۔جلسہ میں شری دیوی گوڈا کو بطور تحفہ ہل دیتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی۔ اس سے قبل تامبا میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے دیوے گوڈا نے بتایا کہ ریاستی مخلوط حکومت بہتر انداز میں کام کررہی ہے اور تمام ضمنی انتخابات میں کانگریس اور جنتادل (ایس) کے درمیان اتحاد قائم ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شیموگہ پارلیمانی حلقہ سے مدھو بنگارپا کو کانگریس جنتادل (ایس) اتحادی امیدوار بنانے پر غور کیا جارہا ہے جو فی الحال ملک سے باہر ہیں ۔اگر وہ انکار کرتے ہیں تو کانگریس امیدوار کو کھڑا کیا جائے گا۔ اس موقع پر جنتادل (ایس ) کے رہنماؤں نے دیوے گوڈا سے ملاقات کرکے 2019 کے پارلیمانی انتخابات میں وجئے پور پارلیمانی حلقہ سے جنتادل (ایس ) کے پانچ ناموں کا ایک پینل قائم کرکے وجئے پور پارلیمانی حلقہ جنتادل (ایس ) کے لئے مختص کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیرایم سی منگولی، دیوانند و دیگر حاضر رہے ۔