ریاستی مخلوط حکومت مستحکم ہے۔اپنی میعاد مکمل کرے گی:کمارسوامی شہرمیں روزگار میلہ کاکامیاب انعقاد۔حکومت لوگوں کا مستقبل سنوارنے کی پابند:وزیراعلیٰ
01:34PM Mon 1 Oct, 2018
بنگلورو۔29 ستمبر(نامہ نگار) ریاستی وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے آج اس بات کا دوبارہ اعلان کیا کہ ریاست میں ان کی قیادت والی کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت مستحکم ہے اوریہ حکومت اپنی پانچ سالہ میعاد مکمل کرے گی ان کی حکومت کو کسی طرح کا خطرہ نہیں ہے ۔ شہرکے نیشنل کالج گراؤنڈ میں منعقدہ دوروزہ روزگار میلہ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان کی حکومت کا اہم مقصد ریاست کے لوگوں کا مستقبل بہتر بنانا ہے ۔ اپوزیشن بی جے پی کا نام لئے بغیر انہوں نے کہاکہ حکومت کس طرح چلانا ہے ہمیں اچھی طرح آتا ہے اور ہم چلارہے ہیں ۔ ریاستی حکومت کے زیر اہتمام منعقدہ اس روزگار میلہ میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مخلوط حکومت میں چند سینئر لیڈرس بھی ہیں ۔ان کی رہنمائی میں یہ حکومت اپنی پانچ سالہ میعاد مکمل کرے گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ ان کی حکومت کو کسی طرح کا خطرہ نہیں ہے ۔وزیراعلیٰ کا یہ بیان اس وقت منظرعام پر آیا ہے جب یہ قیاس آرائیاں ہورہی تھیں کہ مخلوط حکومت میں ساجھیدار جماعتوں کے چند اراکین اسمبلی چند معاملات پر مخلوط حکومت سے ناراض ہوکر بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے ۔اپو زیشن بی جے پی نے بھی اس معاملہ کو کافی طول دیا اور آپریشن کنول کی ناکام کوشش کرتے ہوئے مخلوط حکومت کو گرانے کی ہرممکن کوشش کی ۔عین وقت پر سابق وزیراعلیٰ سدارامیا نے بی جے پی کی اس کوشش کو ناکام بنادیا جس کے نتیجے میں بی جے پی کو منہ کی کھانی پڑی۔ کل شہر کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات میں بھی بی جے پی آپریشن کنول کا استعمال کرکے آزاد کارپوریٹروں کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کی اور بی بی ایم پی پر اقتدار حاصل کرنا چاہا ۔ لیکن اس میں بھی بی جے پی بری طرح ناکام رہی ۔ میئر اورڈپٹی میئر کے لئے ہونے والے انتخاب میں شکست کے خوف سے انتخابی عمل سے صرف چند منٹ قبل بی جے پی کے کارپوریٹروں نے آر۔اشوک کی قیادت میں کونسل سے واک آؤٹ کردیا تھا۔ کمارسوامی نے کہاکہ ہوسکتا ہے کہ حکومت کے درمیان مسائل ہوں لیکن چند لوگ اس کی آڑ میں یہ محسوس کرنے لگے ہیں کہ ان کی قیادت والی مخلوط حکومت اگلے 24 گھنٹوں میں گرجائے گی۔وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ حکومت پر لگائے جارہے اس طرح کے الزامات اور خدشات سے حکومت مزید مستحکم ہورہی ہے ۔اورریاست کی مجموعی ترقی کے لئے کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ریاست کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی پابند ہے ۔ اسی کے ایک حصہ کے طور پر آج یہاں روزگار میلہ منعقد کیا گیا ہے ۔آئندہ بھی مختلف بڑے شہروں میں حکومت اس طرح کے روزگار میلوں کا انعقاد کرے گی۔