جامعہ ہاشم پیر بیجاپور کے سالانہ جلسۂ دستار بندی سے علما کا خطاب
06:54AM Mon 8 May, 2017
انسان کی فلاح و کامرانی کا راز علم سیکھنے سیکھانے ، اس سے محبت کرنے اوراس پرعمل کرنے میں شیدہ ہے۔
بیجاپور (بھٹکلیس نیوز)شہرِ بیجاپور میں واقع سوادِ اعظم اہلِ سنت وجماعت کی ایک عظیم دینی وعصری علوم کی منظم تعلیم گاہ جامعہ ہاشم پیر میں دستار بندی کا ایک کامیاب جلسہ منعقد ہوا ،جس میں طلباکی دستار بندی عمل میں آئی۔
حضرت سید معین الدین حسینی صاحب کی صدارت میں منعقد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حضور تنویرِ ملت علامہ سید تنویر ہاشمی صاحب نے فرمایا کہ علم کے بغیر انسان ترقی کے منازل کو طے نہیں کرسکتا ۔اسے زندگی کے تمام شعبوں میں عروج وارتقا کی منزلوں کو طے کرنے کے لئے علم کی ضرورت پڑتی ہے ۔اسی طرح ایک اچھااور باوقار انسان بننے کے لئے علم کا حاصل کرنا اور علما کی صحبت میں بیٹھنا بھی نہایت ضروری ہے ۔اس لئے کہ انسان کی فلاح و کامرانی کا راز علم سیکھنے سیکھانے ، اس سے محبت کرنے اوراس پرعمل کرنے میں شیدہ ہے۔
اللہ کے پیارے رسول ﷺ نے بھی علم کی طرف لوگوں کی خصوصی توجہ دلائی ہے ۔چنانچہ آپ فرماتے ہیں:’’عالم بنو یا طالب علم بنویا عالم دین کی بات سننے والا بنو،یا عالمِ دین سے محبت کرنے والا بنو،پانچواں (جاہل)نہ بننا ورنہ ہلاک ہوجاؤں گے‘‘۔
اس حدیث پاک سے علم کی اہمیت وضرورت کا بخوبی اندازہ ہوجاتا ہے کہ علم انسان کے لئے کتنا ضروری ہے ۔انسان علم کے بغیر جاہل وگنوار رہتا ہے جو اس کے لئے بہت بڑا عیب ہے۔لہذا ہمیں علم سے بے انتہا محبت کرنا چاہئیے۔
آپ نے مزید طلبا کونصیحت وتاکید فرمائی کہ یہاں سے فارغ ہونے کے بعد ہمیشہ اپنے علم پر عمل کرتے رہنا یہی تمہارا قیمتی اثاثہ ہے ،اسے کبھی ضائع نہیں ہونے دینا۔اس پر عمل کرنے ہی میں علم کی حفاظت ہے ۔علم اسی آدمی کو فائدہ پہونچاتا ہے جو اس پر ہمیشہ عامل رہتا ہے ۔
اس کے علاوہ گلیڈ گڈسے تشریف لائے مہمانِ خصوصی حضرت علامہ مفتی ابوبکر ثقافی صاحب نے بھی ولادتِ امام حسین رضی اللہ عنہ پر نہایت ہی جامع وپرمغز خطاب فرمایا ۔
قبل ازیں پروگرام کا آغاز حافظ سید معین الدین حسینی چشتی متعلم جامعہ ہذا کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔بعدہ‘ مولانا مظہر علیمی ،کوثر بیجاپوری،عریض حسینی اور حسین شطاری صاحبان نے نعت ومنقبت پیش کئے ۔اس کے بعد جامعہ میں طلبا کے اندر علم ومطالعے کی بیداری پیدا کرنے کے لئے تین روزہ مسابقۂ درسیات کا اہتمام کیا گیا تھا جن میں اول،دوم،اور سوم ممتاز پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا کو ترغیبی اسناد وانعامات سے نوازا گیا۔
اخیر میں صلاۃ وسلام ہوا اور اس کے بعد تنویرِ ملت صاحب کی رقت انگیز دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔
اس موقع پرجامعہ کے جملہ اساتذہ،طلبا،منتظمین ، اراکنین اور مقامی و بیرونی علماومفتیانِ کرام کے علاوہ بھی کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے۔