نارداسٹنگ معاملہ :دہلی میں میتھیو کے گھر پہنچے سی بی آئی اہلکار

03:09PM Mon 20 Mar, 2017

کولکا تہ، (بھٹکلیس نیوز)نارد اسٹنگ معاملے میں اتوار کو سی بی آئی کے ایس پی نریندر پرساد اور دو دیگر افسران دہلی میں میتھیو سیموئیل کے گھر پہنچے اور اسٹنگ کا ویڈیو ایڈٹ کرنے کے لیے استعمال کئے گئے تمام کمپیوٹر آلات کو اپنے قبضے میں لیا۔بتایا گیا ہے کہ سی بی آئی حکام نے میتھیو کے پاس سے ویڈیو ایڈٹ کرنے والا ایپل کا سافٹ ویئر ، مانیٹر، ہارڈ ویئر اور کئی دیگر دستاویزات برآمد کئے ہیں۔سی بی آئی نے ان چیزوں کی فہرست بھی بنائی ہے۔بتایا گیا ہے کہ اس معاملے میں سی بی آئی نے جو 12سوالات پوچھا تھا ،اس کا جواب بھی میتھیو نے ای میل کے ذریعے دیا ہے۔دراصل کلکتہ ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق ،سی بی آئی نے ناردا نیوز پورٹ کے اسٹنگ کا فوٹیج اکٹھا کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ہفتہ کی صبح عدالت کی ہدایت کی کاپی لے کر سی بی آئی کے اہلکار اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی اسٹانڈ روڈ برانچ میں پہنچے ،جس کے لاکر میں فوٹیج رکھا گیا تھا۔وہاں سے فوٹیج سمیت اس اسٹنگ سے منسلک سارے دستاویزات اورآلات کو لینے کے بعد سی بی آئی کے حکام نے ہائی کورٹ کے رجسٹر پردیپ گھوش سے ملاقات کی اور معاملے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ۔بتایا جا رہا ہے کہ پیر کو ریاستی حکومت کے سپریم کورٹ میں اپیل کرنے سے پہلے ہی سی بی آئی ایف آئی آر درج کر لے گی۔قابل ذکر ہے کہ 428منٹ کے کل ویڈیو فوٹیج میں 63الگ الگ فائل ہے جن میں سے 47فائلوں کا لیبارٹری ٹیسٹ ہو چکا ہے۔