مولانا ارشد مدنی کا گائے کو قومی جانور کا درجہ دئے جانے کا مطالبہ ، تین طلاق پرحکمراں پارٹی کے لیڈران ہی کررہے ہیں سیاست

03:11PM Wed 10 May, 2017

جمعیت علمائے ہند نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گائے کو قومی جانور قرار دیا جائے اور قانون سازی کے ذریعہ ملک بھر میں ذبیحہ گاو پر پابندی لگادی جائے۔ جمعیت کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں گئوركشك جماعتوں پر گئوركشا کے نام پر گائے اور بیل کا جائز کاروبار کرنے والے تاجروں کو قتل کی حد جان بوجھ کر نشانہ بنانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ گئو رکشکوں کی یہ جماعتیں ملک میں خوف کا ماحول پیدا کر رہی ہیں۔ انہوں نے یہ الزام لگاتے ہوئے کہ اتر پردیش، راجستھان، مہاراشٹر،ہریانہ اور اتراکھنڈ میں جانوروں کےتاجروں کے قتل کے پے بہ پے واقعات کے باوجود مرکزی حکومت اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریاستی حکومتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ مولانا مدنی نے کہا کہ جمعیت علماء ء ہند چاہتی ہے کہ خوف کے اس ماحول کو فوری طور پر ختم کرکے ملک میں امن کا ماحول پیدا کرنے کے لئے حکومت گائے کو قومی جانور قرار دے دے اور قانون بنا کر ملک بھر میں گائے ذبح کرنےپر پابندی لگادے۔ انہوں نے کہا کہ لائسنسوں کی تجدید یا نئے لائسنس بنوانے کے لئے کوئی انتباہ یا وقت دیئے بغیر ہی گوشت کی دکانوں اور مذبح کو بند کر دیا گیا۔ اس کی وجہ سے گوشت کے کاروبار کو بڑا نقصان ہوا ہے۔