کرناٹکا اردو اکیڈمی کے زیراہتمام بلگام میں کل ہندمشاعرہ کاانعقاد
03:11PM Mon 31 Oct, 2016
عمران پرتاب گڑھی اور شبینہ ادیب سمیت متعد دمعروف شعراء کی آمدیقینی
بلگام(نامہ نگار)کرناٹک اردواکیڈمی کے زیراہتمام ہندوستان کی جنوبی ریاست کرناٹک کے معروف شہر بلگام میں3 نومبر کو ایک کل ہندمشاعرہ منعقد ہونے جارہاہے جس میں عمران پرتاپ گڑھی ،شبینہ ادیب،عبید اعظمی،مظہر محی الدین ،شائستہ یوسف ،اسعد بستوی،سلیمان خمار،علی بارہ بنکوی ،حامد اکمل گلبرگہ،جامی کلیانوی،عالم نظامی بلرامپور،عرفان شاہ نوری،یسین راہی ،مشتاق علی گوہر سمیت متعدد نامور شعراء شرکت کریں گے اور اس علاقہ کا یہ کامیاب ترین مشاعرہ ہوگا ۔
یہ اطلاع کرناٹک اردو اکیڈمی کے رکن ،ہفت روزہ جسارت ٹائمز کے چیف ایڈیٹر اور بلگام مشاعرہ کے کنوینر جناب اشفاق صدیقی نے دی ،انہوں نے مزیدبتایاکہ مذکورہ شعراء کے علاوہ یہاں صوبے کے نامور سیاسی اور سماجی رہنما بھی شرکت کریں گے ،مشاعرہ کی صدارات کرناٹکا اردو اکیڈمی کے چیرمین عزیزاللہ بیگ صاحب کریں گے جبکہ افتتاح ریاستی وزیر جناب تنویر سیٹھ صاحب اور ریاستی وزیر جناب یوٹی قادر صاحب کے ہاتھوں عمل مین آئے گا،مہمان خصوصی کی حیثیت سے شمالی بلگام کے رکن اسمبلی جناب فیروز نورالدین سیٹھ صاحب کی شرکت ہوگی علاوہ ازیں محمد محسن صاحب سکریٹری بیک ورڈ کلاس حکومت کرناٹکا،شری این جیار ام صاحب ڈپٹی کمشنر بلگام،آصف راجوسیٹھ صاحب صدر انجمن اسلام بلگام شریک ہوں کے اور نظامت کا فریضہ نظر بجنوری انجام دیں گے ۔
ہم آپ کو بتادیں کہ بلگام اردو کیلئے سرسبزوشاداب جگہ ہے ،اردو کے فروغ میں اس شہر کا خصوصی کرداررہاہے،اس سے قبل بلگام کی سرزمین پر کرناٹک اردواکیڈمی کے زیر اہتمام اکیڈمی کے رکن اور جسارت ٹائمز کے چیف ایڈیٹر جناب اشفاق صدیقی صاحب اردو صحافت کے دوسو سال مکمل ہونے پر ایک تاریخی سیمینار منعقد کراچکے ہیں جس میں ملک بھر کے نامور صحافیوں نے شرکت کی تھی نیز ہندوستان میں اردوصحافت کے دوسوسال مکمل ہونے پر اس نوعیت کی یہ پہلی کانفرنس تھی ۔