یوم آزادی کو پورے ہفتہ منایا جائے گا تہوار کی طرح
03:25PM Fri 29 Jul, 2016
نئی دہلی : مودی حکومت ملک کی70 ویں یوم آزادی کو پورے ہفتے تہوار کے طور پر منانے کی تیاری کر رہی ہے اور اس دوران ملک بھر میں خصوصی پروگرام کے انعقاد کے ساتھ ساتھ ملک کی محبت پر بنائی گئی فلموں کی نمائش کی جائے گی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یوم آزادی کی تقریب پورے ملک میں 12 سے 18 اگست تک منایا جائے گا۔ یوم آزادی سے جڑے پروگراموں کی ذمہ داری اطلاعات و نشریات کی وزارت کو دی گئی ہے اور وزارت دفاع اس میں تعاون کرے گا۔
ذرائع کے مطابق نوجوانوں میں حب الوطنی اور قوم کی محبت کا جذبہ پیدا کرنے کے لئے 12 اگست سے 18 اگست تک دارالحکومت کے سری فورٹ آڈیٹوريم میں بارڈر، حقیقت، اپکار، شہید، سردار، لگان اور چک دے انڈیا جیسی 18 فلموں کی نمائش کی جائے گی۔ یہ فلمیں ہرروز دن میں ساڑھے گیارہ بجے، ڈھائی بجے اور 6 بجے کے تین شو میں دکھائی جائیں گی۔ شام 6 بجے کا شو پہلے آؤ پہلے پاؤ کی بنیاد پر سب کے لئے بالکل مفت ہوگا۔
اس پورے ہفتے راج پتھ پر لان میں تمام ریاستوں کے اسٹال لگائے جائیں گے۔ان میں تمام ریاستی اپنی ثقافت اور اپنے اقدار کے ساتھ ساتھ دیگر منصوبوں کی نمائش لگائیں گے۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں سوا سو سے بھی زیادہ مقامات پر فوج کے بینڈوں کے پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔ اہم تقریب ہمیشہ کی طرح لال قلعہ پر ہی منعقد کیا جائے گا جہاں سے وزیر اعظم ملک کو خطاب کرتے ہیں۔