جالی پٹن پنچایت کی عوام میں مختلف منصوبوں کے تحت امداد کی تقسیم
01:51PM Sun 9 Apr, 2017
بھٹکلیس نیوز / 09 اپریل، 17
بھٹکل / (رضوان گنگاولی) جالی پٹن پنچایت کے تحت کل ہفتہ کے روز جالی نامدھاری ہال میں مختلف منصوبوں کے تحت امداد کی تقسیم کے لئے ایک پروگرام رکھا گیا تھا جس میں رکن اسمبلی مسٹر منکال وئیدیا کے ہاتھوں گیس سلنڈر اور اسٹو وغیرہ کی تقسیم کی گئی۔
اس پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ "چند دن قبل ہم نے پنچایت کے ممبران سمیت وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی تھی اور ان سے پنچایت علاقہ کی ترقی کے لئے دس کروڑ روپیوں کی امداد دینے کی بات کہی تھی، اب ایسا لگ رہا ہے کہ ہماری اس ملاقات کو وزیر اعلیٰ نے سنجیدگی سے لیا ہے اور اپنی طرف سے تعاون کی پہل بھی کر دی ہے"۔
رکن اسمبلی نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ سے کی گئی مانگوں کو تفصیل سے بیان کیا اور کہا کہ ہم نے اس ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ کے سامنے صفائی اور کچروں کی نکاسی کا مسئلہ بھی رکھا تھا جس پر بھی کارروائی کی گئی اور فی الحال دو گاڑیوں کا بند و بست بھی کیا گیا البتہ کچروں کو پھنینکے کے لئے مناسب جگہ کے لئے فاریسٹ محکمہ سے منظوری ملنا باقی ہے۔
انہو ں نے اس موقع پر علاقہ کی ترقی کے لئے تمام ممبران کو یکجٹ ہوکر کام کرنے کی اپیل کی ۔ پنچایت کے صدر عبدالرحیم شیخ نے افتتاحی کلمات پیش کئے ، ڈائس پر نائب صدر لکشمی مادیو نائک، اسٹانڈنگ کمیٹی چیرمن آدم پنمبور ، ممبران ، چیف آفیسر وینکٹیش ناوڈا وموجو دتھے۔ پنچایت کے نارائن نائک نے استقبال کیا۔ شری دھر شیٹھ نے نظامت کی، جالی پٹن پنچایت اور نامدھاری ترقی سنگھ کی جانب سے رکن اسمبلی منکال وئیدیا کو شال پہنا کر تہنیت کی گئی ۔ پروگرام سے قبل رکن اسمبلی کے ہاتھوں کچرانکاسی کےلئے نئی سواریوں کو ہری جھنڈی دکھا ئی گئی۔