جے این یو طالب علم عمر خالد کا سہواگ پر حملہ، کہا:ہندوستان کی نمائندگی نہیں کرتا یہ کرکٹر
01:53PM Thu 2 Mar, 2017
نئی دہلی، (بھٹکلیس نیوز)دہلی یونیورسٹی کے رام جس کالج میں بائیں بازوکی طلباتنظیم اور اے بی وی پی کے درمیان جاری کشیدگی کو آگے بڑھاتے ہوئے اس پورے تنازعہ کی وجہ بنے جے این یو کے طلباء لیڈر عمر خالد نے کرکٹر وریندر سہواگ پر حملہ بولا ہے۔جہاں ایک طرف طلبا ء سیاست کو لے کر یونیورسٹی میں، خاص طور پر رام جس کالج میں تنازعہ طول پکڑتا ہی جا رہا ہے، ایسے میں بہت سے لوگ سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی بات رکھ رہے ہیں اور مخالف نظریات پر حملہ کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہے ہیں۔اے بی وی پی کے خلاف ایل ایس آر کالج کی طالبہ اورکارگل شہید کی بیٹی گرمہر کور کی سوشل میڈیا مہم پر کرکٹر وریندر سہواگ نے بھی ٹوئٹ کیا تھا، اپنے ٹوئٹ میں سہواگ نے گرمہر کے بیان کی نقل کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے دو ٹرپل سنچری نہیں ماری ہے بلکہ ان کے بلے نے ماری ہے۔قابل ذکر ہے کہ اپنی مہم میں ایک پلے کارڈ میں گرمہر کور کہہ رہی ہیں کہ پاکستان نے ان کے والد کو نہیں مارا ہے، بلکہ جنگ نے مارا ہے۔اب جے این یو کے طلباء لیڈر عمر خالد نے سہواگ پر جوابی حملہ بولاہے۔