نائب وزیر اعلیٰ جناب کیشو پرساد موریہ نے محکمہ تعمیرات عامہ کے سبھی افسران ؍ملازمین کو صفائی کا حلف دلایا
03:12PM Fri 24 Mar, 2017
لکھنؤ۔(بھٹکلیس نیوز)ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ جناب کیشو پرساد موریہ نے لکھنؤ واقع وشویسریا آڈیٹوریم میں محکمہ تعمیرات عامہ کے سبھی افسران ؍ملازمین کو صفائی کے تئیں حلف دلایا۔حلف برداری کے بعد جناب موریہ نے کہا کہ صفائی کے تئیں بیدار رہنے،سالانہ ۱۰۰ گھنٹے یا ہفتہ وار ۲ گھنٹے صفائی کے لئے وقت دینے اور اپنے کنبہ،محلہ، گاؤں میں بیداری لانے کے لئے کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صفائی کے تئیں حلف رسمی نہیں عزمی ہے۔جسے خود لینا ہے اور آگے بھی لے جانا ہے۔اس صفائی مہم کو تحریک کی شکل دیں ،انہوں نے عوام الناس سے بھی اس مہم میں شامل ہونے کی اپیل کی ۔
جناب موریہ نے محکمہ جاتی افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یہ محکمہ ہر شہری سے مربوط ہے گزشتہ ۱۴؍برسوں میں جو طریقہ کار فروغ پارہا ہے اسے بدلنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے محکمہ جاتی اداروں سے اپیل کی کہ ادارہ جاتی اختیار کی بات کریں۔لیکن اپنی ذمہ داری نہ بھولیں۔ترقیات کو تحریک کا حصہ بنائیں اور لوگوں کی امیدوں کو کم وقت میں کیسے مکمل کرنا ہے اس کے مطابق کام کریں۔ نائب وزیر اعلیٰ نے حلف دلانے کے بعد محکمہ تعمیرات عامہ کے کاموں کا پرزنٹیشن دیکھا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں ایک ضلع ؍حلقہ پر توجہ دی گئی اب ایسے حلقوں کو ترجیح دی جائے جہاں بالکل توجہ نہیں دی گئی ہے۔جناب موریہ نے کہا کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ سڑک تعمیر کے لئے کی گئی متعدد اعلانات کو فوری اثر سے عمل میں لانے کی تجویز بنائی جائے تاکہ ان پر کام شروع ہو سکے۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ محکمہ تعمیرات عامہ میں کوئی مجرم ٹھیکیدار نہ ہو۔اگر کسی پارٹی کے لیڈر ٹھیکیدار ہیں ایسے لوگوں کی فہرست بنائی جائے۔انہوں نے متعددشاہراہوں سے موازنہ کرتے ہوئے افسران سے سوال کیا کہ وہاں کی طرح ہم معیاری سڑکیں کیوں نہیں بنا پاتے اس پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔جناب موریہ نے متعدد محکموں کے توسط سے چلائی جا رہی ایک ہی طرح کی متعدد اسکیموں کو ضم کر ایک شکل دینے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ اگر کہیں دقت ہے تو اسے علم میں لایا جائے تاکہ کوئی کام نہ رکے۔ جناب موریہ نے دیہی سڑکوں پر گفتگو کے دوران ہدایت دی کہ ضلع و تحصیل سطح کی سڑکوں کو ضلع ہیڈ کوار ٹروں کو ترجیحی بنیاد سے مربوط کیا جائے۔ساتھ ہی اوور لوڈنگ روکنے کے لئے مستحکم بندوبست کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ یوپی کو بدلنا ہے جس ریاست میں اچھی سڑکیں نہیں ہوتی اس کی ترقی نہیں ہوتی۔اگر سبھی افسران اپنے کا م کا طریقہ بدلیں اور شفافیت سے کام کریں تاکہ ریاست کی ہمہ جہت ترقی ہو سکے۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سکریٹری ،تعمیرات عامہ جناب سدا کانت ،جناب ہری راج کشور ،جناب پنکج یادو ،جناب وی کے سنگھ ،جناب ایم این خان ،جناب آر کے گویل سمیت سبھی افسران و ملازمین نے صفائی کے تئیں حلف لیا۔