بی جے پی کے پاس صف بندی کے سوا کوئی ایجنڈا نہیں۔سدارامیا ریاستی کانگریس قائدین کی راہل گاندھی سے ملاقات۔حکومت کے ترقیاتی کاموں کو عام کرنے کامشورہ

02:11PM Sun 14 Jan, 2018

بنگلورو؍نئی دہلی۔ کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدارامیا نے ہفتہ کو کانگریس صدر راہل گاندھی سے ملاقات کی۔ کانگریس کا یہ اہم اجلاس آئندہ کرناٹک میں ہورہے اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں منعقد کیاگیاتھا۔ جس میں کانگریس صدر راہل گاندھی سمیت دیگر سینئر پارٹی لیڈروں نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں وزیراعلیٰ سدارامیا نے بتایا کہ بی جے پی کے پاس صف بندی کے سوا کوئی ایجنڈانہیں ہے۔ کانگریس صدر راہل گاندھی اگلے ماہ کرناٹک کے دورہ پر آرہے ہیں ۔ان کا یہ دورہ10تا 12؍فروری کو ہوگا۔ اس اہم اجلاس کے بعد کانگریس کے سینئر رہنما آسکر فرنانڈیز نے کہاکہ کانگریس کی انتخابی مہم کرناٹک کے ترقیاتی کام اور ریاست میں امن وامان کے ماحول پر مبنی ہوگی۔فرنانڈیز نے بتایا کہ ہم انتخابی مہم کے دوران لوگوں کوبتائیں گے کہ کرناٹک کی بہتری کے لئے کانگریس نے کیا اقدامات کئے ۔ بی جے پی کامقصد: ریاست کرناٹک میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے لئے کانگریس اور بی جے پی دونوں نے کمر کس لی ہے ۔ بی جے پی کرناٹک میں بھی جیت درج کرکے کانگریس سے آزاد بھارت کے خواب کو پورا کرنا چاہتی ہے۔وہیں کانگریس بھی کسی بھی قیمت پر کرناٹک پر اپنی گرفت کمزور نہیں کرنا چاہتی۔ دونوں کے درمیان کانٹے کامقابلہ متوقع ہے ۔ کرناٹک انتخابات پر اپنی حکمت عملی پر غور کرنے کے لئے کانگریس نے ہفتہ کویہ اہم اجلاس طلب کیاتھا۔ راہل گاندھی نے اس اجلاس میں تمام سینئر رہنماؤں سے مشورہ کرکے کرناٹک کانگریس کے لئے انتخابی منصوبہ تیار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کانگریس کا یہ اجلاس کل صبح 11بجے راہل گاندھی کی رہائش گاہ پر شروع ہوا۔ اس اجلاس میں شرکت کرنے وزیراعلیٰ سدارامیا دہلی پہنچ گئے تھے۔کرناٹک کی سیاسی جنگ کو فتح کرنے کے لئے بی جے پی مکمل طاقت کے ساتھ میدان میں اتر گئی ہے۔بی جے پی نے سدارامیاکی قیادت والی کانگریس حکومت کے خلاف پریورتن یاترا چلا رکھی ہے ۔ اگلے ماہ فروری میں نریندر مودی بھی مشن کرناٹک پر پہنچ جائیں گے ۔وزیراعظم پریورتن یاترا کے اختتام پر ایک عام اجلاس سے خطاب کریں گے ۔ سدارامیا حکومت کی کارکردگی: اس اجلاس میں راہل گاندھی نے کانگریس رہنماؤں کو یہ خصوصی ہدایت دی ہے کہ انتخابی مہم کے دوران کرناٹک میں پچھلے ساڑھے چار سالوں کے دوران سدارامیاحکومت کی کارکردگی کو خصوصیت کے ساتھ عوام میں عام کریں تاکہ عوام جذبات اور صف بندی کی بنیاد پر نہیں بلکہ ریاست کی ترقی کی بنیاد پر کانگریس کی تائید کریں۔ پارٹی اور لیڈروں پر عوام نے جو اعتماد رکھا ہے اس اعتماد کو دوبارہ بحال کرنے کی راہل نے ریاستی لیڈروں کو تاکید کی ہے۔اس اہم اجلاس میں وزیراعلیٰ سدارامیا کے ساتھ شرکت کرنے والوں میں سابق مرکزی وزیر و رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے رحمن خان، کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور،سابق مرکزی وزیرکے ایچ منی اپا، کرناٹک میں کانگریس کے انچارج کے سی وینوگوپال، سینئر لیڈر بی کے ہری پرساد، ریاستی وزیر برائے بنگلور ترقیات کے جے جارج،کے پی سی سی کارگزار صدر دنیش گنڈوراؤ، ایس آر پاٹل،لوک سبھا میں اپوزیشن کانگریس لیڈر ایم ملیکارجن کھرگے، کانگریس انتخابی منشور کمیٹی کے چیرمین ایم ویرپا موئیلی شامل ہیں۔ تشہیری کمیٹی کے صدر ڈی کے شیوکمار کو بھی اس اجلاس میں شرکت کرناتھا لیکن ان کے حلقہ میں کانگریس کا ہی ایک ضروری پروگرام تھا جس کی وجہ سے وہ دہلی کے اجلاس میں شرکت نہ کرسکے ۔ (بشکریہ : سالار نیوز)