عرب اتحاد یمن میں شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے گا:الجبیر

12:23PM Wed 8 Jun, 2016

سعودی عرب سے بڑھ کرکسی نے یمنی قوم کی مدد نہیں کی سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے یمن میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث گروپ سے عرب اتحاد کا نام نکال یہ ثابت کیا ہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادی یمن میں بچوں اور عام شہریوں کے حقوق پامال نہیں کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے فیصلے سے یہ بھی ظاہر ہو رہاہے کہ یمن میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں عرب ممالک پر جو الزامات عاید کیے گئے تھے ان کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے جاری آپریشن میں عام شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا گیا ہے اور آئندہ بھی عرب اتحاد بچوں اور عام شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہرممکن اقدام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور اس کی قیادت میں یمن میں باغیوں کے خلاف نبرد آزما ممالک امدادی آپریشنز میں بھی سب سے آگے ہیں۔ یمن میں شہریوں کی فلاح وبہبود اور امداد کے لیے خادم الحرمین الشریعین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے بڑھ کرکسی نے کوشش نہیں کی۔ درایں اثناء اقوام متحدہ کے یمن کے لیے خصوصی ایلچی اسماعیل ولدالشیخ احمد نے حوثی باغیوں کی جانب سے جنگ کے لیے بھرتی کیے گئے 50 بچوں کی رہائی کا خیر مقدم کیا ہے۔ الشیخ احمد کا کہنا ہے کہ بچوں کی رہائی سے قیدیوں کے تبادلے کا آغاز ہوا ہے۔ یہ ایک اہم پیش رفت ہے جس سے تمام قیدیوں کی رہائی میں مدد ملے گی۔