سابق صدر جمہوریۂ ہند ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے لئے مسلم چیمبرکے زیرِ اہتمام دعائیہ جلسہ کا انعقاد

03:50PM Wed 27 Jul, 2016

ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام نئی نسل کے لئے ترغیب کا باعث: ڈاکٹر جسیم محمد
علی گڑھ27؍جولائی: سابق صدر جمہوریۂ ہند اور ملک کے ممتاز سائنسداں جنت مکانی ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے اولین یومِ وفات پرمسلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری( ایم سی سی آئی) نے مزمل منزل کامپلیکس میں واقع میڈیا سینٹر پر ایک دعائیہ جلسہ کا انعقاد عمل میںآیا جس میں انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیاگیا۔ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مسلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایم سی سی آئی ) کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام نہ صرف ہندوستان کے ایک زود اثر اور باوقار صدر جمہوریہ تھے بلکہ وہ عالمی سطح کے ممتاز سائنسداں بھی تھے۔ انہوں نے سائنسداں کی حیثیت سے ڈفینس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن( ڈی آر ڈی او) کو نئی جہات عطا کیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام نے ملک کے خلائی پروگرام کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کیا اور اسی لئے انہیں میزائیل مین کے نام سے یاد کیاجاتا ہے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ ایک سینئر اور باوقار سائنسداں ہونے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام نئی نسل کے لئے ترغیب کا باعث بھی تھے کیونکہ انہوں نے عظیم جد و جہد کے بعد کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا انتقال بھی27؍جولائی2015 کو اس وقت ہوا جب وہ انڈین انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ، شیلانگ میں طلبأ کو خطاب کرنے جا رہے تھے۔ پروفیسر ہمایوں مراد نے کہاکہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوکر صدیوں تک ترغیب کا باعث بنے رہتے ہیں۔ ہمیں ان کی جدو جہد اور حاصلات سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایا کہ مسلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایم سی سی آئی) کے زیرِ اہتمام29؍جولائی2016 کوصبح10.30بجے میڈیا سینٹر علی گڑھ پر ’’ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام اور نئی نسل‘‘ موضوع پر اولین ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام میموریل لیکچر کا انعقاد کیا جائے گا جس میں سینئر سائنسداں، اساتذہ اور مفکرین اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ دعائیہ جلسہ میں انصار احمد، این جمال انصاری، اقبال سیفی، ثاقب احمد، سنبل، ادیبہ، مریم خالد، عمار خاں، محمود انصاری اور محمد دلشاد موجود تھے۔