الوداع " چاندنی " : پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سری دیوی کی آخری رسومات ادا

01:32PM Wed 28 Feb, 2018

ممبئی : بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سری دیوی کی پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ممبئی کے ولے پارلے شمشان گھاٹ میں آخری رسومات ادا کی گئیں ۔ شوہر بو نی کپور نے اداکارہ کو اگنی دی ۔ اس موقع پر بالی ووڈ کی تمام بڑی ہستیاں موجود تھیں ، جنہوں نے نمناک آنکھوں سے انہیں الوداع کہا ۔ سری دیوی کو دلہن کی طرح سجایا گیا تھا اور ان کے جسد خاکی کو ترنگا میں لپیٹا گیا تھا ۔ یہی نہیں جس ٹرک کے ذریعہ انہیں سلیبریشن اسپورٹس کلب سے شمشان گھاٹ لے جایا گیا ، اس ٹرک کو بھی سفید پھولوں سے پوری طرح سے سجایا گیا تھا۔ سری دیوی کے جسد خاکی کو شمشان گھاٹ لے جانے کے دوران ٹرک میں ان کے ساتھ بونی کپور ، بیٹا ارجن کپور اور دیور سنجے و انل کپور بھی موجود تھے ۔ ولے پارلے شمشان گھاٹ میں ان کو آخری مرتبہ الوداع کہنے کیلئے بالی ووڈ کے مہا نایک امیتابھ بچن اور کنگ شاہ رخ خان سمیت فلم انڈسٹری کی تقریبا سبھی شخصیات موجود تھیں ۔
 قبل ازیں سری دیوی کا جسد خاکی آج صبح 9 بجے سلیبریشن اسپورٹس کلب میں دیدار کیلئے رکھا گیا ، جہاں بالی ووڈ کے تقریبا سبھی اداکار اور اداکارائیں پہنچیں اور انہوں نے "چاندنی "کا آخری دیدار کیا ۔ اس کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں ان کے مداح بھی وہاں مومود تھے ۔ بھیڑ کو قابو میں رکھنے کیلئے سیکورٹی کا بھی معقول بندو بست تھا اور وہاں 200 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔