ٹرمپ کے مسلم مخالف بیانات ، سابق امریکی وزیرخارجہ کا خود کو مسلمان رجسٹر کروانے کا اعلان
03:18PM Fri 27 Jan, 2017
واشنگٹن : سابق امریکی صدر بل کلنٹن کے ساتھ وزیر خارجہ کے عہدے پر فائز رہنے والی سرکردہ امریکی سیاست دان میڈلین البرائیٹ نے نو منتخب امریکی صدر ڈونالد ٹرمپ کی جانب سے مسلمان شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی کے اعلان کے خلاف انوکھا احتجاج درج کرایا ہے۔میڈلین البرائٹ نے ٹویٹ کیا ہے کہ اگر امریکی مسلمانوں کےلئے علیحدہ رجسٹریشن کا قانون بنایا گیا تو وہ اپنا اندراج مسلمان کی حیثیت سے کروائیں گی۔
خیال رہے کہ میڈلین البرائٹ اپنی سخت گیری کے باعث لیڈی ہاک کے نام سے بھی مشہور تھیں ، لیکن نئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی متعصبانہ پالیسیوں اور متنازع بیانات کے بعد انہوں نے بھی امریکی مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے ڈونالڈ ٹرمپ سے کہا ہے کہ وہ بعض مسلمان اور عرب ممالک کے باشندوں کے 120 دن تک امریکہ میں داخلے پر پابندی کے فیصلے کو قبول نہیں کرتیں۔ اگر ٹرمپ مسلمانوں پر پابندی کے فیصلے پر مُصر رہتے ہیں ،تو وہ خود کو مسلمان رجسٹر کرالیں گی۔