نائب ولی عہد شہزادہ محمد سلمان یو این سیکرٹری جنرل سے ملاقات کریں گے اقوام متحدہ نے سعودی عرب کو دنیا بھر میں انسانیت کی فلاح وبہبود کے لیے امداد دینے والا سب سے بڑا ملک قرار دیا ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے ترجمان اسٹیفن ڈور جیک نے اخبار ’الشرق الاوسط‘سے بات کرتےہوئے ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لینے پرسعودی عرب کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب امداد دینے والے ممالک میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔ اسٹیفن ڈور جیک کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آج بدھ کو سعودی نائب ولی عہد اور وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان امریکا کے دورے کے دوران یو این سیکرٹری جنرل بان کی مون سے بھی ملاقات کریں گے۔ ترجمان نے اس ملاقات کے حوالے سے بھی بعض سوالوں کے جواب دیے اورکہا کہ ملاقات میں دونوں رہ نما علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت کریں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ شہزادہ محمد بن سلمان اور بان کی مون میں ہونے والی ملاقات میں سعودی عرب کی انسانی امداد کے موضوع پربھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ درایں اثناء یو این سیکرٹری جنرل کے ترجمان کے معاون خصوصی فرحان الحق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب اور اقوام متحدہ کے درمیان دوستانہ مراسم اور مضبوط تعلقات قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اقوام متحدہ کے ان بانی ممالک میں سے ایک ہے جنہوں نے عالمی ادارے کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ بعد ازاں سعودی عرب نے اقوام متحدہ کے تمام ذیلی اداروں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ فرحان الحق کا کہنا تھا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کی بان کی مون سے ملاقات کے دوران سعودی ویژن 2030ء پربھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔