میسور کے مشہور ہوٹل للت محل میں وزیر اعظم مودی اور عملہ کو ٹہرنے نہیں ملی جگہ
03:49PM Mon 19 Feb, 2018
بھٹکلیس نیوز / 19 فروری، 18
میسور / (ایجنسیاں) میسور : وزیر اعظم مودی پیر کو کرناٹک کے میسور گئے تھے ۔ یہاں کے معروف ہوٹل للت محل پیلس میں وزیر اعظم مودی اور ان کے عملہ کو ٹہرنے کی جگہ نہیں ملی۔ ہوٹل کے تقریبا سبھی کمرے ایک شادی تقریب کیلئے بک تھے ۔ یہاں جگہ نہیں ملنے کے بعد ضلع انتظامیہ نے ایک دوسرے ہوٹل میں وزیر اعظم مودی کے قیام کا انتظام کیا ۔
ہوٹل کے منیجر جوزیف متھیاس نے کہا کہ ایک افسر وزیر اعظم مودی اور سیکورٹی اہلکاروں سمیت ان کے عملہ کیلئے کمرے بک کرنے ہمارے پاس آئے تھے ، لیکن ہم ایسا نہیں کرسکے ، کیونکہ زیادہ تر کمرے ایک شادی تقریب کیلئے بک تھے۔ متھیاس نے کہا کہ مودی اتوار شام یہاں ایسے وقت پر آنے والے تھے جب شادی کا ریسپشن تھا ۔
منیجر نے بتایا کہ ان کے پاس صرف تین کمرے دستیاب تھے ، جو وزیر اعظم اور ان کے عملہ کیلئے کافی نہیں تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی وجوہات کے پیش نظر اتنے بڑے عملہ کیلئے صرف تین کمرے بک کرنے کا مشورہ دینا مناسب نہیں تھا۔ حالانکہ ضلع انتظامیہ نے متبادل بندوبست کیا ۔ وزیر اعظم کو ہوٹل ریڈسن بلیو میں ٹھہرایا گیا۔
بتایا جارہا ہے کہ وہاں بھی ہوٹل انتظامیہ نے سیکورٹی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک کاروباری کنبہ کو شادی کے ریسپشن کا وقت بدلنے کو کہا تاکہ یہ وزیر اعظم کے آنے سے پہلے ختم ہوجائے ۔