دلت لفظ کے استعمال پر مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے لگائی روک
03:37PM Mon 22 Jan, 2018
Share:
گوالیار : مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کی گوالیار بینچ نے ایک مفاد عامہ کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے دلت لفظ کے استعمال پر روک لگانے کا حکم جاری کیا ہے۔ در اصل ڈاکٹر موہن لال ماہور نے دلت لفظ پر اعتراض کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی ایک عرضی داخل کی تھی ، جس میں کہا گیا تھا کہ آئین میں اس لفظ کا کوئی تذکرہ نہیں ہے۔
عرضی میں مزید کہا گیا تھا کہ اس طبقہ سے وابستہ لوگوں کو درج فہرست ذات اور قبائل کے طور پر ہی مخاطب کیا گیا ہے ، ایسے میں سرکاری دستاویزات اور دیگر جگہوں پر دلت لفظ کا استعمال آئین کے خلاف کیا جارہا ہے۔
ہائی کورٹ نے عرضی پر سماعت کرتے ہوئے حکم دیا کہ دلت لفظ کا استعمال کسی بھی سرکاری اور غیر سرکاری محکموں میں نہیں کیا جائے گا ۔ اس کیلئے آئین میں بتائے گئے لفظ ہی استعمال کئے جائیں گے ۔ عرضی گزار کے وکیل ابھیشیک پاراشر کے مطابق یہ حکم پورے مدھیہ پردیش میں نافذ ہوگا۔