کسانوں کی ترقی کیلئے سائنس دان آگے آئیں: گورنر

01:58PM Wed 22 Feb, 2017

بنگلورو۔(بھٹکلیس نیوز)گورنر وی آر والانے آج بتایاکہ ماحولیاتی تبدیلی کے سبب بارش میں کمی سے کسانوں کے مسائل میں اضافہ ہوگیا ہے۔ جس سے فصلوں میں کمی آرہی ہے، ایسے مرحلے میں سائنسدانوں کو چاہئے کہ وہ پریشان حال کسانوں کی ترقی کیلئے آگے آئیں۔ زرعی یونیورسٹی میں منعقدہ اگریکلچرل سائنس کانگریس کا افتتاح کرنے کے بعد انہوں نے بتایاکہ ہندوستان جیسے ملک میں ماحولیاتی تبدیلی سے خشک سالی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جس سے اناج کی کمی کا سامنا کرنا پڑسکتاہے۔ہندوستان میں بہترین انسانی وسائل ہونے کے باوجود مواقع میسر نہیں ہورہے ہیں۔یہاں کی خواتین بھی کافی ذہین ہونے کے باوجود مواقع سے محروم ہیں۔ ایسے میں کسانوں کو چاہئے کہ زراعت کے فروغ کیلئے نئی ٹیکنالوجی کا استعمال کریں۔ وزیر زراعت کرشنا بائرے گوڈا نے بتایا کہ ریاست کرناٹک مسلسل طور پر خشک سالی سے متاثر ہے، جبکہ تین چار اضلاع میں سیلاب کی صورتحال بھی پیدا ہوگئی تھی۔ ماحولیاتی تبدیلی کے سبب زرعی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔ جدید سائنس کے ذریعہ انسان کی زندگی کو 120سال تک بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ہم لوگ قدرتی وسائل میں شامل پانی کو ضائع کرتے ہوئے جرم کرتے جارہے ہیں اور اسے آلودہ بنارہے ہیں۔ نیتی آیوگ کے رکن رمیش چند نے بتایاکہ زمین کی زرخیزی کی بنیاد پر کسان اپنی فصلیں بدل سکتے ہیں۔ماحولیاتی تبدیلی سے نہ صرف فصلیں تباہ ہورہی ہیں بلکہ انسان اور جانور بھی متاثر ہیں۔ اس موقع پر نیشنل اگریکلچر ل سائنس اکاڈمی کے چیرمین ڈاکٹر پنجاب سنگھ ، سابق چیرمین ڈاکٹر ایس ایپن ، زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ایچ شیونا کے علاوہ دیگر موجود تھے۔چار دنوں تک چلنے والی کانفرنس میں ماہرین حصہ لیں گے۔ اجلاس کے دوران 100 سے زائد اسٹالوں پر مبنی نمائش کا اہتمام بھی کیاگیا ہے۔