آر ٹی ای دوسرے مرحلہ کی قرعہ اندازی 

03:16PM Thu 25 May, 2017

داخلوں کی کارروائی جلد مکمل کر نے جمعیۃ علماء بنگلور ساؤتھ کی والدین سے اپیل بنگلور،(بھٹکلیس نیوز ) دو دن قبل حق تعلیم قانون (آر ٹی ای) کے تحت معاشرہ کے مالی اعتبار سے پچھڑے ہوئے طبقات کے بچوں کے لئے علاقہ کی عمدہ اسکولوں میں مفت داخلے فراہم کرنے کی خاطر دوسرے مرحلہ کی قرعہ اندازی نے ان ہزاروں والدین کے چہروں پر خوشی و مسرت کے آثار پیدا کر دئے جنہوں نے پہلے مرحلہ میں داخلے نہ ملنے یا پھر مرضی کے مطابق اسکولوں کے حاصل نہ ہونے کی وجہ سے مایوسی کا شکار ہوجانے کے بعد دوبارہ درخواستیں داخل کرائے تھے۔40,900 میسر نشستوں میں سے پیر کے دن کی قرعہ اندازی میں 24,325 نشستیں فراہم کی گئی ہیں۔اور امید ہے کہ باقی نشستوں کے لئے جون کے پہلے ہفتہ میں تیسرے مرحلہ کی قرعہ اندازی انجام دی جائے گی۔اس مرتبہ ایک لاکھ دس ہزار درخواستوں میں سے پہلے مرحلہ کی قرعہ اندازی میں چھوٹ جانے والے ایک لاکھ پانچ ہزار ایک سو پچیاسی درخواستوں کو لیا گیا تھا جبکہ پانچ ہزار چار سو چالیس نئی درخواستیں بھی شامل کی گئیں۔ اس مرتبہ کی قرعہ اندازی میں منظوری حاصل کرنے والی درخواستوں کے تحت اسکولوں میں داخلوں کی آخری تاریخ 31 مئی ہے اس سے قبل بچوں کا متعلقہ اسکولوں میں داخلہ کراناضروری ہے۔اس سے قبل 28 اپریل کو منعقدہ پہلے مرحلہ کی قرعہ اندازی میں 1 لاکھ 28 ہزار نشستیں موجود تھیں جن میں سے کل تقسیم کردہ نشستوں کی تعداد 96,908 رہی۔ محکمہ برائے تعلیمات عامہ کے ریکارڈس کے مطابق 86,800 طلباء نے کامیابی کے ساتھ اپنی پسند کی اسکولوں میں داخلے حاصل کر لئے ہیں۔جمعےۃ علماء بنگلور ساؤتھ کے جنرل سکریٹری جناب انصر پاشاہ نے آر ٹی ای کے تحت دوسرے مرحلہ کی قرعہ اندازی میں نشستیں حاصل ہونے والے بچوں کے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ لوگ فوری طور پر اپنے بچوں کے داخلوں کی کارروائی مکمل کرلیں اس لئے کہ اس کی مدت اسی ماہ کی 31 تاریخ کو ختم ہونے والی ہے۔جناب انصر پاشاہ نے بتایا ہے کہ اس سال جمعےۃ کے زیر اہتمام آر ٹی ای کے تحت بچوں کے اسکولوں میں مفت داخلہ کے لئے جو تحریک چلائی گئی وہ بہت کامیاب رہی اور تقریباً دو ہزار تین سو بچوں کے داخلوں کے لئے جمعےۃ علماء بنگلور ساؤتھ کے ذریعہ درخواست فارموں کا اندراج کرایا گیا تھا۔ ان داخلوں کے لئے ریاستی حکومت کے محکمہ تعلیم کی جانب سے پہلے مرحلہ کی قرعہ انداز ی میں جمعےۃ کی جانب سے داخل کردہ درخواستوں میں سے تقریباً چالیس فیصد بچوں کو داخلوں کی منظوری حاصل ہو ئی تھی اور دوسرے مرحلہ کی قرعہ اندازی میں بھی بڑی تعداد میں بچوں کو داخلہ مل گیا ہے۔جن بچوں کے داخلوں کے لئے منظوری مل گئی ہے ان کے والدین سے گذارش ہے کہ وہ فوراً مذکورہ اسکولوں میں تمام ضروری دستاویزات کے ساتھ پہنچ کر داخلے کی کارروائی کو مکمل کرالیں۔واضح رہے کہ تیسرے مرحلہ کی قرعہ انداز کی کارروائی اگلے ماہ کے پہلے ہفتہ میں عمل میں آنے کی امید ہے ، لہٰذا ابھی جن بچوں کو داخلہ نہیں مل پایا ہے ان کے والدین کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے، ابھی موقع باقی ہے اور امید ہے کہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو مفت داخلہ حاصل ہو جائے گا۔جنرل سکریٹری جناب انصر پاشاہ نے بتایا کہ اس سال بھی حسب سابق جمعےۃ علماء بنگلور ساؤتھ کے تمام اراکین نے حضرت مولانا مفتی افتخار احمد صاحب قاسمی ، صدر جمعےۃ علماء کرناٹک کی سرپرستی میں تعلیمی بیداری اور آر ٹی ای کے تحت بچوں کے داخلوں کے لئے آن لائن اندراج کی کارروائی میں خوب بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور انہی کی جدو جہد کا نتیجہ ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں غریب و مستحق بچوں کو عمدہ تعلیم کا موقع حاصل ہو رہا ہے۔جناب انصر پاشاہ نے ان تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا ہے اور جمعےۃ علماء بنگلور ساؤتھ کے ذریعہ آر ٹی ای کے لئے درخواستیں داخل کرنے والے والدین سے گذارش کی ہے کہ اگر کسی بھی معاملہ میں جان کاری حاصل کرنا ہے تو درج ذیل فون نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں، 9845077786