دلتوں کی حمایت حاصل کرنے یڈی یورپا نے دلتوں کو گھر پر دعوت دی
03:27PM Mon 28 Aug, 2017
بنگلور(بھٹکلیس نیوز):۔ سابق وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کرناٹک یونٹ کے صدر بی ایس یڈی یورپا نے آنے والے اسمبلی انتخابات کے لئے دلتوں کی حمایت حاصل کرنے کے لئے آج ڈالرس کالونی میں واقع اپنی رہائش گاہ پر دلتوں کے لئے دعوت کا اہتمام کیا تھا۔اس دعوت میں بڑی تعداد میں دلتوں نے شرکت کرکے دعوت کا مزہ لیا اور ان کے لئے مختلف پکوان تیار کئے گئے تھے اور صرف برہمن کے ہی پکوان زیادہ دکھائی دے رہے تھے جبکہ دلت بریانی اور گوشت کے پکوان کو تلاش کرتے رہے مگر کہیں بھی گوشت کے پکوان نظر نہ آنے پر دلتوں کو مایوسی ہوئی اور انہوں نے وہاں کھانا اور دیگر چیزوں کی فراہمی کرنے والے لوگوں سے بھی بریانی اور گوشت کے پکوان کے تعلق سے کئی طرح کے سوالات کئے اور انہیں جواب ملا کہ صرف برہمن کے پکوان ہی تیار کئے گئے ہیں۔ اس موقعہ پر یڈی یورپا نے کہا کہ وہ لنگایت فرقہ سے تعلق رکھتے ہیں اور یہاں گوشت کے پکوان تیا رکرنے کا سوال ہی نہیں ہوتا۔ یہ سچ ہے کہ آنے والے اسمبلی انتخابات کو دھیان میں رکھ کر دلتوں کو دعوت دی گئی ہے اور دلتوں کی حمایت حاصل کرنا ضروری ہے ۔یہاں تمام طبقہ کے لوگوں کو ساتھ لیکر چلنے سے ہی انتخابات میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے ۔شمالی ہندوستانی ریاستوں کی بات ہی الگ ہے اور یہاں کی بات ہی الگ ہے ۔جنوبی ریاستوں میں پارٹی کی ترقی کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ریاست کرناٹک میں بی جے پی کی حکومت بنانا آسان بات نہیں ہے۔ اس لئے ابھی سے تیاریاں شروع کی گئی ہیں اور ہر دن ایک نہ ایک پروگرام شروع کیا جاتا ہے ۔کرناٹک میں دلت اور اقلیتی برادری کے ووٹ کسی بھی پارٹی کی ترقی میں نمایاں کردار کرسکتے ہیں۔اس لئے بہت جلد اقلیتی برادری کے لئے بھی دعوت کا اہتمام کیا جائے گا۔اس کے لئے وہ بہت جلد اقلتی لیڈروں اور دیگر سماجی کارکن سے تبادلہ خیال کرنے والے ہیں اور دعوت کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔