کمارسوامی کسانوں اورخواتین سے معافی مانگیں رعیت سنگھاکے کارکنوں کامطالبہ ،ودھان سودھا کاگھیراؤ

01:19PM Tue 20 Nov, 2018

کولار20، نومبر(سالار نیوز)وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی ریاست کی خواتین سے معافی مانگیں، قرض معاف کے تعلق سے ٹھوس فیصلہ کریں اور کسانوں کونوٹس جاری کرنے والے بینکوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔ اس کے علاوہ سوامی ناتھن رپورٹ جاری کریں اور قحط سالی سے نمٹنے کے لئے ضروری اقدامات کریں ۔ یہ مطالبہ رعیت سنگھا کے کارکنوں نے کیا، انہوں نے آج سینکڑوں کی تعداد میں ودھان سودھا کا گھیراؤ کرنے کولار سے بنگلور روانہ ہونے سے قبل اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ احتجاجی کسانوں اورخواتین کے بارے میں نازیباالفاظ کااستعمال کرکے وزیراعلیٰ نے اپنے عہدے کی توہین کی ہے فوراً کسانوں اور خواتین سے معافی مانگنی ہوگی۔ احتجاجی کسانوں نے کہاکہ ریاست کے 114تعلقوں میں قحط سالی پڑی ہوئی ہے۔ پچھلے 5برسوں سے مسلسل قحط سالی کاسامناہے اور یہاں کے کسان کنگال ہوچکے ہیں۔ حکومت سینکڑوں وعدے کرکے کسانوں کے ساتھ دھوکہ کرتی آرہی ہے بینکوں کے ذریعہ حاصل کردہ قرض کی ادائیگی ممکن نہ ہونے کے سبب بینکوں کی طرف سے نوٹس بھیجے جارہے ہیں، مگرافسوس کہ حکومت ان کسانوں کی مدد کیلئے آگے نہیں آرہی ہے۔ایک طرف شدید قحط سالی تو دوسری طرف بینکوں کے قرض کی عدم ادائیگی کے خوف سے کسان خودکشی کرنے پرمجبور ہیں، احتجاجیوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت فوری کسانوں کے لئے خصوصی پیکچ کااعلان کرے۔ ضلع میں آم اور پھولوں کے ذخیرے کیلئے مراکز قائم کرے اور مارکیٹ کی سہولت فراہم کرے۔ کولار کے ٹماٹر مارکیٹ کو اعلیٰ درجہ پرترقی دی جائے اور نمائندگی قیمت میں کمی کے دوران کسانوں کی مدد کے لئے حکومت آگے آئے اورتائیدی قیمت کااعلان کرے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ضلع میں زراعت پرمبنی صنعتوں کے فروغ کیلئے ترجیح دی جائے اورتالابوں پر سے غیرقانونی قبضے ہٹائے جائیں۔ حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے احتجاجیوں سے بات کرنے آئے ہوئے وزیر کوآپریشن نے کہاکہ کل تمام اضلاع کے کسان لیڈروں کااجلاس وزیراعلیٰ کی موجودگی میں طلب کیاجائے گا اورکسانوں کے مسائل کے حل کے لئے تبادلہ خیال کیاجائے گا۔اس احتجاج میں رعیت سنگھا کے ریاستی نائب صدر نارائن گوڈا ضلعی کنوینر کے سرینواس گوڈا، خواتین سیل کی صدر نلنی گوڈا، ناگراج، پرتاپ، مرلی، منجوناتھ، اورسینکڑوں کسان اورخواتین شامل تھیں۔