پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کا بھٹکل میں احتجاج
05:03PM Fri 10 Mar, 2017
بھٹکلیس نیوز / 10 مارچ، 17
بھٹکل / (رضوان گنگاولی) مرکزی حکومت کی طرف سےپکوان گیس کی قیمتوں میں کئے جانے والے لگاتار اضافہکے خلاف آج بھٹکل میں ویلفئیر پارٹی آف انڈیا بھٹکل شاخ کی طرف سے آج شام اسسٹنٹ کمشنر دفترکے سامنے احتجاج کیا گیا اور اے سی کے ذریعے صدرِ ہند کے نام میمورنڈم پیش کیا گیا۔
اس موقع پر پارٹی کے تعلقہ صدر قمرالدین مشائخ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت اچھے دن کا نعرہ لگا کر عوام کو دھوکہ دے رہی ہے اور دن بدن روزمرہ کی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے عوام کی زندگیوں سے سکون چھین لیا ہے۔
میمورنڈم میں پکوان گیس کی تازہ قیمتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے درج کیا گیا ہے کہ 478روپئے پر ملنی والی پکوان گیس کی قیمت ابھی765روپئے ہوگئی ہے، کمرشیل گیس کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ ملک کو ڈیجٹیل کرنےاور کیش لیس کا خواب دکھانے والی مرکزی حکومت اچانک بینک معاملات کے فیسوں میں اضافہ کرتےہوئے چھوٹے موٹے بیوپاریوں ، غریب اور متوسط طبقات کو مشکلات میں ڈال دیاہے۔ اور جو لوگ اچھےدن کے انتظار میں تھے ان کے زخموں پر نمک چھڑکنےکی بات میمورنڈم میں کہی گئی ہے۔
اس موقع پر پارٹی کے لیڈران ڈاکٹر نسیم خان، سید اشرف برماور، ضلع جنرل سکریٹری شوکت خطیب، ضلع یوتھ مورچہ کے صدر سید ابوالاعلیٰ برماور، فاروق ماسٹر، عبدالجبار اسدی ، عبدالمجید کولا اور خواتین مورچہ کی ممبران موجود تھیں ۔