امن کا ہاتھ بڑھانے پر ایران سے کچھ نہ ملا : سعودی عرب
02:12PM Mon 28 Mar, 2016
سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ اگر ایران معمول کے مطابق تعلقات کا خواہش مند ہے تو اسے سعودی عرب اور پڑوسی ممالک کے امور میں مداخلت سے رکنا ہوگا اور ساتھ ہی خطے میں دہشت گرد گروپوں کو جنم دینے سے بھی باز رہنا ہوگا۔
جمعے کے روز جنوبی افریقہ کی وزیر خارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں الجبیر نے باور کرایا کہ سعودی عرب نے کئی دہائیوں سے ایران کی جانب امن کا ہاتھ بڑھا رکھا ہے تاہم اس کے مقابل مملکت کو کچھ حاصل نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ : 1979ء میں خمینی کے انقلاب کے بعد تقریبا 35 برسوں سے ہم نے ایران کی جانب اپنا ہاتھ بڑھا رکھا ہے مگر اس کے بدلے ہمیں کچھ نہیں ملا۔ ہم نے ایران کے ساتھ پرامن تعلقات کا ارادہ کیا جس کے بدلے ہمیں اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت، مناسک حج میں رکاوٹ، اپنے ایک سفارت کار کی ہلاکت، اپنے سفارت خانے پر حملوں کے ساتھ ساتھ ان دہشت گرد گروپوں کا بھی سامنا کرنا پڑا جن کو ایران نے مملکت اور پڑوسی ممالک میں نصب کیا تھا۔