لکھنؤ: احتجاج کے دوران ایک شخص جان بحق!

05:02PM Thu 19 Dec, 2019

لکھنؤ: شہریت ترمیمی قانون کے خلاف سماج وادی پارٹی اور دیگر تنظیموں کی جانب سے ریاست گیر کیے جا رہے احتجاج کے دوران تشدد پھوٹ پڑا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے چھوڑے۔ کئی علاقوں میں پتھراؤ اور آگزنی کے واقعات بھی پیش آئے۔ ریاستی راجدھانی لکھنؤ کے کھدرا، ٹھاکر گنج علاقے میں مشتعل مظاہرین نے کئی گاڑیوں کو آگ کے حوالے کر دیا تو پولیس نے حالات کو بگڑتا دیکھ مظاہرین پر لاٹھیاں برسائیں۔ پولیس نے مدھے گنج پولیس اسٹیشن کے کھدرا علاقے میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ بھی کی۔
 قبل ازیں، پولیس نے مشتعل مظاہرین کو کنٹرول کرنے کے لئے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے چھوڑے۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان آمنے سامنے کی پرتشدد جھڑپ بھی ہوئی۔ پولیس نے پریورتن چوک پر احتجاج کے لئے اکٹھا ہونے والے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا۔ پریورتن چوک پر بھی شر پسند عناصر نے کئی گاڑیوں کو آگ کے حوالے کردیا۔ میڈیا کی او بی وین کو بھی آگ کے حوالے کردیا گیا۔