آل انڈیا مسلم پر سنل لا بورڈسوشل میڈیا کے ذریعے غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کرے گا

02:09PM Mon 13 Aug, 2018

آل انڈیا مسلم پر سنل لا بورڈ کی جانب سے قائم کردہ’’ سوشل میڈیا ڈیسک ‘‘کی توسیع وتنظیم کے سلسلے میں مورخہ ۱۲؍اگست بروز اتوار کو یک روزہ ورکشاپ اندراپریہ درشنی کالج وی آئی پی روڈ کھانو گاؤں بھوپال میں منعقد کیا گیا جس کی صدارت بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانامحمد ولی رحمانی صاحب نے فرمائی۔ آغاز میں اس ورکشاپ کے منتظم جناب عارف مسعود صاحب نے استقبالیہ خطبہ پیش کر کے آئے ہوئے تمام مندوبین کا خیر مقدم کیا۔انہوں نے بورڈ کی جانب سے اس اہم ورکشاپ کی میزبانی ملنے پردلی مسرت کا اظہار کیااور اسے اپنی اوراپنے رفقاء کی سعادت مندی قرار دیا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا کاکا م اہم تو ہے ساتھ ہی نازک بھی او ر اس سلسلے میں کام کرنے والے افراد کو بورڈ کے مزاج کا پورا خیال رکھنا چاہئے۔ اس موقع پر بورڈ کے سکریٹری اور سوشل میڈیاڈیسک کے انچاج مولانا محمدعمرین محفوظ رحمانی نے اپنے تفصیلی خطاب میں سوشل میڈیا ڈیسک کی اب تک کی سرگرمیوں او ربورڈ کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اس ملک میں شریعت اسلامیہ کے تحفظ کے سلسلے میں بے مثال جدوجہد کی اور جب کبھی مسلم پر سنل لا پر حملہ ہوا ہے ، بورڈ کے قائدین نے تمام تر ضروری وسائل کے ساتھ منظم انداز میں نہ صرف مسلم پر سنل لا کا دفاع کیا ہے بلکہ اسلامی قوانین کی برتر ی او ر اس کی حقانیت کو ثابت بھی کیا ہے ،آپ نے سوشل میڈیا ڈیسک کے ذریعے کی جانے والی خدمت کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے سامعین پر زور دیاکہ وہ مزید افراد کو اس سے جوڑنے کی کوشش کریں تا کہ یہ کام زیاد ہ وسعت کے ساتھ انجام دیا جا سکے۔ اخیر میں صدر مجلس مولانا محمد ولی رحمانی صاحب نے صدارتی خطبہ پیش کیا،آپ نے کہا کہ ہم سب ا ﷲ کے سپاہی ہیں اس لیے جب جیسی دینی ضرورت ملی خدمت سامنے آئے ہمیں اسے اخلاص، اہتمام، اور دیانت داری کے ساتھ انجام دیناچاہئے،آپ نے کہا کہ اس وقت پوری امت کو مذہبی، تہذیبی، فکری اور عملی ارتداد میں مبتلاء کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں امت میں فکری انحراف پروان چڑھ رہا ہے،جس کا مقابلہ کرنا اور امت کو اس کے زہریلے اثرات سے بچانے کی بھرپور محنت کرنا ہم سب کی دینی ذمہ داری ہے ۔ البتہ یہ یاد رہے کہ یہ کام انتہائی نازک اور حساس ہے،جس کے لیے مکمل یکسوئی اور توجہ کی ضرورت ہے۔ مولانا رحمانی صاحب نے سوشل میڈیا ڈیسک کے انچارج مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی اور ان کے رفقاء کو مبارکباد بھی پیش کی اور یہ امید بھی ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں یہ کام بڑھے گا۔ واضح ہو کہ سوشل میڈیا کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور اہمیت کے پیش نظر گذشتہ برس آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی سوشل میڈیا ڈیسک قائم کی گئی تھی ،جس کے ذریعے بورڈ کے پیغام کو عام کرنے کی کوشش برابر جاری ہے۔ بورڈ کے آفیشل اکاؤنٹس کی تفصیل مندرجہ ذیل ہے : فیس بک پیج : www.facebook.com/PersonalLawBoardOfficial ٹویٹر ہینڈل: www.twitter.com/AIMPLB_Official یوٹیوب چینل: www.youtube.com/AllIndiaMuslimPersonalLawBoard ٹیلی گرام چینل: www.telegram.me/ALLINDIAMUSLIMPERSONALLAWBOARD واٹس ایپ: 8788657771 صبح دس بجے سے شروع ہونے والے اس ورکشاپ کا شام پانچ بجے صدر موصوف کی دعا پر اختتام ہوا۔اس ورکشاپ کو کامیاب بنانے کے لیے جناب عارف مسعود صاحب اور ان کے رفقاء نے محنت او ر جدوجہد کی ۔مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے ان کا اوران کے رفقاء کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور بورڈ کے تئیں ان احباب کی کوششوں کی تحسین کی ۔ جاری کردہآفس سکریٹری دفتر بورڈ