بھٹکل کے ایک اور نوجوان پائلٹ کی ڈگری حاصل کرنے میں کامیاب
02:38PM Sat 26 Oct, 2013
بھٹکل کے ایک اور نوجوان پائلٹ کی ڈگری حاصل کرنے میں کامیاب
بھٹکلیس نیوز / 26 اکتوبر، 13
بھٹکل / بھٹکل کے ان مایہ ناز فرزندوں میں جنہوں نے پائلٹ کی ڈگری مکمل کرکے آسمانوں کی اڑان کا لطف اٹھایا ہے اب ایک اور نام محمد عادل ابن محمد صالح کوڑا خلیفہ کا اضافہ ہوا ہے ۔ جو اپنی نوجوانی میں ہی مالدیپ کی ایشین اکیڈمی آف ائیروناٹک سے پائلٹ کی ڈگری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں اس طرح سے غالباً بھٹکل کے یہ تیسرے یا چوتھے شخص ہیں جو پائلٹ کی ڈگری حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔ اس سے قبل بھٹکل سے سب سے پہلے محمد علی کمشے مرحوم نے یہ سند حاصل کی تھی اور وہ بھٹکل کے پہلے پائلٹ تھے ۔ اس کے بعد جناب محمد سہیل ہاشمی غالباً بھٹکل کے دوسرے پائلٹ تھے جو اس وقت دبئی کی مڈل ایسٹ کمپنی میں کیپٹین کے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ بھٹکل سے تعلق رکھنے والے دو ایک پائلٹ ہیں جو یوروپی ممالک میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ محمد عادل صاحب کے اہل خانہ اس وقت ہاسن میں اپنے کاروبار کے سلسلہ میں مقیم ہیں ۔
محمد عادل جو اس وقت بینگلور میں ہیں انہوں نے بھٹکلیس سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چینائی میسی سرکولیشن اسکول سے اپنی تعلیم کا آغاز کیا تھا اس کے بعد وہ چینائی فلائنگ کلب میں بھرتی ہوگئے پھر اس کے بعد علی گڑھ اور اتر پردیش میں 6/سال کی تربیت کے بعد مالدیپ کی ایشین اکیڈمی آف ایرؤناٹک سے انہوں نے یہ سند حاصل کی ۔ واضح رہے کہ جناب عادل صاحب محترمہ صبیحہ کوڑا صاحبہ کے بھتیجہ ہیں جو ایک عرصہ تک شمس انگلش میڈیم اسکول کی ہیڈ مسٹرس رہی ہیں ۔