بابری مسجد کے تعلق سے آج کا فیصلہ مسجد کی حقیت پر نہیں تھا: پر مسلم پرسنل لاءبورڈ کی وضاحت

02:47PM Thu 27 Sep, 2018

حقیت کے مقدمہ پر 29/اکتوبر کو ہوگی سماعت نیو دہلی : 27 ستمبر،2018 (بھٹکلیس نیوز بیورو؍پریس ریلیز) بابری مسجد کے سلسلہ میں سپریم کورٹ میں جو مقدمہ چل رہا تھا اس کا فیصلہ آگیا مگر یہ فیصلہ بابری مسجد کی حقیقت کے معاملہ پر نہیں ہے۔ حقیت کا مقدمہ جو سپریم کورٹ میں چل رہا ہے اس پرسماعت کی تاریخ ۲۹؍اکتوبر ۲۰۱۸ء متعین کی گئی ہے، ان خیالات کا اظہار آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب نے اپنے اخباری بیان میں فرمایا۔ انہوں نے مزید فرمایا کہ چند دنوں میں نئے چیف جسٹس آجائیں گے اور وہ سپریم کورٹ کی بنچ کو متعین کریں گے اور اس بنچ کے سامنے پورے مقدمہ کی سماعت ہوگی۔ جہاں تک سپریم کورٹ کے آج کے فیصلہ کا تعلق ہے وہ پرپیچ ہے اور اس کی تفصیلات پر قانون دانوں سے مشورہ کیا جارہا ہے اس موضوع پر قانونی جائزہ کمیٹی کی میٹنگ بھی ہوگی اور فیصلہ کے مندرجات پر تفصیلی غور و فکر کیا جائیگا اور پھر کوئی فیصلہ کیا جائیگا۔