ایک ہی پرواز میں ایڈی یورپا اور شیو کمار کی روانگی پر چہ میگوئیاں جب ہم دونوں ایک ساتھ ودھان سودھا جاسکتے ہیں تو ایک فلائٹ میں کیوں نہیں :شیو کمار
12:50PM Thu 10 Jan, 2019
بنگلورو۔ 10جنوری (سالار نیوز )ریاستی وزیر برائے آبی وسائل و کانگریس کے طاقتور لیڈر ڈی کے شیو کمار اور بی جے پی کی ریاستی یونٹ کے صدر بی ایس ایڈی یورپا آج صبح ایک ہی پرواز میں دہلی روانہ ہوئے ۔ جس پر چہ میگوئیاں شروع ہوگئیں اور افواہ پھیلا دی گئی ہے کہ دونوں نے سمجھوتہ کرلیا ہے اور دنوں مل کر کئی ایک کانگریس اراکین اسمبلی کی تائید سے ریاست میں نئی حکومت تشکیل دیں گے ۔ اس سلسلہ میں نئی دہلی میں جب میڈیا نے شیو کمار سے دریافت کیا تو انہوں نے کہا کہ اس میں بیچارے ایڈی یورپا کو کیوں کھینچ رہے ہو۔ سیاست الگ اور دوستانہ مراسم الگ ہیں۔ ہم ایک ساتھ ودھان سودھا میں جاسکتے ہیں تو ایک پرواز میں دہلی کیوں نہیں جاسکتے؟ ایڈی یورپا کے ساتھ دہلی جانے کے بعد ریاست میں پھیلی افواہ پر جواب دیتے ہوئے دہلی کے کرناٹک بھون میں شیو کمار نے کہا کہ بورڈس اور کارپوریشنوں کے تقرر کے معاملہ میں کانگریس اور وزیراعلیٰ کمار سوامی کے درمیان تھوڑی الجھن ضرور پیدا ہوئی ہے ۔ یہ سب نظر انداز کئے جانے والے معاملے ہیں ۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ کمار سوامی کی قیادت والی حکومت گر جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے کسی بھی ورکر کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ۔ مخلوط حکومت مستحکم ہے اور یہ حکومت اپنی پانچ سالہ میعاد مکمل کرے گی ۔ انہوں نے بتایا دو پارٹیوں کے لجس لیٹر س کے ساتھ تعلقات اچھے رکھنے کیلئے حکمت عملی سے کام لینا پڑ تاہے ۔ وزیر اعلیٰ کمار سوامی ایسی ہی حکمت عملی پر عمل کررہے ہیں۔ان کے ٹھکانوں پر بار بار ہورہے آئی ٹی چھاپوں سے متعلق کئے گئے سوالات پرانہوں نے بتایا کہ دنیامیں پیدا ہونے کے بعد ایک دن ضرور مرنا ہے ۔ مجھے تکلیف دے کر خوشیاں منانے والوں کو معلوم ہوناچاہئے کہ ان کی یہ خوشیاں ہمیشہ نہیں رہیں گی۔اقدار میں ہوتے ہوئے بھی جو انصاف پسند کرتے ہیں انہیں ہماری تائید ہے ۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اونچی ذات میں بھی غریب اور کمزور لوگ ہیں ۔انہیں ریزرویشن دینے سے پسماندہ طبقات اوراقلیتوں کاریزر ویشن متاثر نہیں ہونا چاہئے ۔ دہلی میں مرکزی وزیر ثقافت مہیش شرما سے ملاقات کے دوران شیو کمار نے ان کے محکمہ کوزیادہ امداد دینے کا مطالبہ کیا ۔