لاک ڈاون میں راحت پر وزیر اعلی اروند کیجریوال نے دہلی کے عوام سے مانگے مشورے
12:29PM Tue 12 May, 2020
نئی دہلی۔ دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے دارالحکومت میں 17 مئی کے بعد لوگ کیا چاہتے ہیں، اس پر مقامی لوگوں سے مشورے مانگے ہیں۔ عالمی وبا کوویڈ 19 کی وجہ سے پورے ملک میں لاک ڈاون جاری ہے اور اس کا حالیہ تیسرا مرحلہ 17 مئی کو ختم ہوگا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو وزرائے اعلی کےساتھ ویڈیو کانفرنسنگ میں ان کی رائے لی تھی ،جس میں کئی وزرائے اعلی نے 17مئی کے بعد بھی لاک ڈاؤن بڑھانے کا مشورہ دیا ہے۔
اروند کیجریوال نے منگل کو کہا،’’میں دہلی کے لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ 17 مئی کے بعد دارالحکومت میں کیا چاہتے ہیں، اپنے مشورے دیں۔‘‘ مشورے 13مئی کو شام پانچ بجے تک 1031 پر بھیجے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ واٹس ایپ نمبر 8800007722 یا ڈہلی سی ایم ڈاٹ سجیشن ایٹ جی میل ڈاٹ کوم پر ای میل کرسکتے ہیں۔
راجدھانی دہلی میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 403نئے معاملے سامنے آئے اور مجموعی تعداد ساڑھے سات ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اس دوران دہلی میں اس انفیکشن نے ایک دن میں سب سے زیادہ 13مریضوں کی جان لی۔ دہلی وزارت صحت کی طرف سے منگل کو جاری اعداد و شمار کے مطابق عالمی وبا کووڈ۔19کے مریضوں کی تعداد مجموعی طورپر 7639ہوگئی جبکہ 86لوگوں کی یہ وائرس جان لے چکا ہے۔
راجدھانی میں فی الحال 5041معاملے فعال ہیں جن میں سے111 آئی سی یو میں اور 20وینٹی لیٹر پر ہیں۔ دہلی میں اس دوران 383مریض ٹھیک ہوئے اور انہیں ملاکر مجموعی طورپر 2512متاثرہ صحت یاب ہوچکے ہیں۔ دہلی میں انفیکشن کے سب سے زیادہ مریض پچاس برس سے کم عمر کے 5336ہیں تو مرنے والوں میں بیشتر 60برس اور اس سے اوپر کے ہیں جبکہ اس عمر کے سب سے کم مریض 1131ہیں۔ اس زمرے میں 42مرنے والے ہیں جو پہلے سے دیگر بیماریوں سے متاثر تھے۔