بھٹکل ومضافات میں ایک لاکھ پندرہ ہزار کلو فطرہ   کی تقسیم

03:46PM Wed 5 Jul, 2017

پندرہ سو خاندانوں میں تقسیم کیا گیا چاول؛ کمیٹی کی تجزیاتی میٹنگ میں نوجوانوں کی سراہنا بھٹکلیس نیوز  / 05 جولائ، 17 بھٹکل / (رضوان گنگاولی) گزشتہ بتیس سالوں سے بھٹکل میں منظم طریقہ پر فطرہ تقسیم کے لیے قائم کی گئی فطرہ کمیٹی کی تجزیاتی میٹنگ علی پبلک اسکول میں منعقد ہوئی جس میں ذمہ داران نے جہاں  فطرہ کی منظم تقسیم کا تذکرہ کیا وہیں عید کی رات میں نوجوانوں کی طرف سے کی گئی محنت ولگن کی بھی دل کھول کر سراہنا کی۔ فطرہ کمیٹی کے کنوینر مولانا محمد الیاس ندوی نے فطرہ کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال اس کام میں بہتری آرہی ہے اور ہر سال اس میں مستحق خاندانوں کا اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے امسال کے فطرہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس سال بھی بیرونی جماعتوں کی جانب سے فطرہ کے چاول موصول ہوئے اور بھٹکل اور آس پاس میں کل ایک لاکھ پندرہ ہزار کلو چاول پندرہ سو خاندانوں میں تقسیم کیا گیا ۔جس میں بھٹکل سمیت کرمنجیشور ، بسرور ، شیرور ، منکی ، ہوناور اور کمٹہ کے نواحی علاقے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اس موقع پر  مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے بھی فطرہ کمیٹی کی خدمات کی تعریف کی اور ان نوجوانوں کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔اس موقع پر مولانا عبدالعلیم قاسمی ،مولانا یاسر برماور ندوی ، مولانا ابرارموٹیا ندوی ، جناب صلاح الدین صاحب اور دیگر لوگوں نے اپنے تأثرات کا اظہار کرتے ہوئے فطرہ کمیٹی کی کوششوں کوسراہا ۔ اجلاس  کا آغاز مولانا فرقان مالکی ندوی کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا ، نظامت کے فرائض جناب پرویز صاحب نے انجام دئیے ۔ اسٹیج پر مختلف جماعتوں کے ذمہ داران موجود تھے۔