بلقیس بانو کیس : قصوروار پولیس والوں پر کارروائی ہوئی یا نہیں ، سپریم کورٹ کا گجرات حکومت سے سوال
03:25PM Fri 24 Nov, 2017
نئی دہلی : سپریم کورٹ نے بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری معاملے میں گجرات حکومت سے آج پھر پوچھا کہ کیا اس نے اس معاملے میں قصوروار قرار دئے گئے پولیس اہلکاروں کے خلاف ضابطہ کی کوئی کارروائی کی ہے یا نہیں؟ عدالت نے ریاستی حکومت کو چھ ہفتہ کے اندر یہ جانکاری دستیاب کرانے کی ہدایت دی ہے۔
دراصل سابقہ سماعت میں ہی عدالت نے ریاستی حکومت سے اس سلسلے میں جانکاری طلب کی تھی لیکن آج سماعت کے دوران اس نے(ریاستی حکومت نے) مزید وقت دینے کی درخوات کی ۔ عدالت نے ریاستی حکومت کی درخواست تسلیم کرتے ہوئے چھ ہفتہ کا وقت دیا۔ اب اس معاملے کی سماعت جنوری 2018کے پہلے ہفتے میں ہوگی۔بلقیس بانو نے عرضی دائر کرکے کہا تھا کہ فسادات کے دوران ڈیوٹی پرلاپرواہی برتنے والے قصور وار پولیس اہلکاروں کو دوبارہ ملازمت بحال نہ کی جائے۔
خیال رہے کہ تین مارچ 2002 کو گجرات فسادات کے دوران بلقیس کے ساتھ داہود کے نزدیک دیوگڑھ باریا گاوں میں فسادیوں نے اجتماعی عصمت دری کی تھی۔اس کے بعد بلقیس اور ان کے خاندان کے افراد پر مشتعل ہجوم نے حملہ کردیا تھا جس سے ان کے خاندان کے کئی افراد کی موت ہوگئی تھی۔