منی شنکر ائیر کے بیان سے گجرات اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو نقصان ہوا : کانگریس لیڈرسچن پائلٹ

03:04PM Fri 23 Feb, 2018

ممبئی : راجستھان ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر سچن پائلٹ نے نسل پرستی پر کہا کہ اگر آپ کسی سیاسی پارٹی کے لیڈر کے یہاں پیدا ہوگئے ۔ تو ا سے ڈسکوالیفکیشن نہیں مانا جانا چاہئے ۔ میں نے تو پہلے دن سے ہی ارادہ کرلیا تھا کہ میں سیاست کروں گا اور اپنے دم پر کروں گا ۔ مجھے میرے والد کا جو نام ملا ہے ، اس پر بہت فخر ہے ۔ انہوں نے 19 سال سیاست کی اور اس دوران کو جو کمایا ، اس کا ایک حصہ بھی میں 17 سال میں نہیں کما پایا ہوں ۔ پائلٹ نے کہا کہ ہر پانچ سال بعد عوام فیصلہ کرتے ہیں کہ آپ کامیاب ہیں یا ناکام ۔ آپ لوگوں کو فکر رہتی ہے ، لیکن آپ سے زیادہ عوام کو فکر ہے کہ جس شخص کو ہم ووٹ ڈال رہے ہیں ، وہ اس لائق ہے یا نہیں ۔ عوام کے امتحان میں جو پاس ہوتے ہیں تو اسے دست بستہ ہوکر قبول کرنا چاہئے ۔ نیوز 18 انڈیا کے چوپال پروگرام کے دوران کشور اجوانی سے سچن پائلٹ نے کہا کہ این ڈی اے حکومت ہر معاملہ میں ناکام ثابت ہورہی ہے ، لوگ ملک کا پیسہ لے کر ملک سے بھاگ رہے ہیں اور وزیر اعظم اس پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔
 ہزاروں کروڑ روپے کھاکر نیرو مودی بھاگ گیا ، لیکن وزیر اعظم نے کوئی ٹویٹ نہیں کیا ، اقتصادیات ، سیکورٹی اور دیگر محاذوں پر مرکزی حکومت ناکام ہورہی ہے ، بی جے پی کو قومی سطح پر چیلنج دینے والی صرف ایک ہی پارٹی ہے اور وہ کانگریس ہے ۔ پائلٹ نے کہا کہ اس ملک میں مذہب اور سیاست کو الگ الگ رکھنا چاہئے ، کوئی بھی لیڈر مندر ، مسجد اور گرودوارہ جاتا ہے تو اسے سیاسی چشمہ سے نہیں دیکھنا چاہئے ۔ راہل جی مندر جارہے ہیں تو پیٹ میں درد کیوں ؟ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے دس سال کے کام کاج کو ہم صحیح طریقہ سے لوگوں تک نہیں پہنچا پائے کیونکہ 2014 کا الیکشن کمیونیکیشن کا الیکشن بن گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ منی شنکر ائیر کے بیان سے پارٹی کو گجرات میں نقصان ہوا ۔