عالمی سطح پر آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی سیاسی و علمی میدان میں نمایاں مقام رکھتے تھے:مولانا کلب جواد نقوی

03:32PM Mon 9 Jan, 2017

سابق ایرانی صدرآیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے انتقال پر مجلس علماء ہند میں تعزیتی جلسہ کا انعقاد لکھنؤ۔(بھٹکلیس نیوز)رکن انقلابی اسلامی و تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ اور ایران کے سابق صدر آیت اللہ اکبر ہاشمی رفسنجانی کے انتقال پر مجلس علماء ہند میں تعزیتی جلسہ کا انعقاد ہوا ۔مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا کلب جواد نقوی نے آیت اللہ اکبرہاشمی رفسنجانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ انکی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتاہے۔امام خمینی کے انتقال کے بعد آیت اللہ رفسنجانی کا انتقال بڑا سانحہ ہے ۔مولانا نے کہاکہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے انقلاب ایران کو کامیاب بنانے میں امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے ساتھ ظلم و زیادتی کا سامنا کیا مگر سامراجی طاقتوں کے سامنے کبھی سرتسلیم خم نہیں کیا۔مولانا نے کہاکہ ایران کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وہ ہمیشہ کوشاں رہے۔ عمر کی اس منزل میں بھی وہ مختلف سیاسی و علمی شعبوں کی سربراہی و نگرانی کرتے رہے۔انکے سیاسی نظریات کے ساتھ انکے علمی کارناموں کو بھی دیکھنا ضروری ہے،وہ بیک وقت سیاسی و علمی بصیرت کے حامل تھے ۔انکی تفسیر اور دیگر کتابیں محققین کے لئے سود مند ہیں ۔مولانانے کہاکہ آج سیاست کا جو تصور ہمارے ذہنوں میں موجود ہے وہ انتہائی غیر اخلاقی اور خوفناک ہے مگر ایران کی سیاست نے دنیا کو بتادیا کہ سیاست اسلامی طریق کار اور اسلامی اصولوں کی روشنی میں بھی کی جاسکتی ہے ۔اس فلسفۂ سیاست کو دنیا تک پہونچانے میں آیت اللہ رفسنجانی نے اہم کردار ادا کیا ۔پوری دنیا انکی سیاسی بصیرت کو تسلیم کرتی رہی ہے ۔انکے انتقال پر ہم ملت ایرا ن اور آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں ۔ مولانا رضا حسین نقوی نے کہاکہ آیت اللہ رفسنجانی نے ایران کی ترقی میں اہم کردار ادا کیاہے۔انکی سیاسی زندگی بے داغ اور مثالی رہی ہے ۔مولانانے کہاکہ انکی سیاسی کارگزاریوں کے ساتھ ہی انکی لکھی ہوئی تفسیر ’’تفسیر رہنما‘‘ نے پوردی دنیا کو انکی علمی بصیرت کا قائل بنایا ۔مولانا نے کہاکہ انہوں نے ہمیشہ رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای کے ارادوں اور امیدوں کے مطابق کام کیا اور کامیابی حاصل کی ۔انکے انتقال پر پورا عالم اسلام سوگوار ہے ۔ مولانا تسنیم مہدی زید پوری نے کہاکہ آیت اللہ رفسنجانی کا انتقال ایک عہد کا خاتمہ ہے ۔انقلاب ایران کی کامیاب میں انکا اہم کردار رہاہے ۔انقلاب کی کامیابی کے بعد وہ ایران کے صدر بھی بنے اور سامراجی طاقتوں کے خلاف برسر پیکار رہے ۔انتقال تک انہوں نے پوری ایمانداری اور لگن کے ساتھ ایرانی عوام اور ملک کی ترقی کے لئے کام کیا ۔ مولانا حبیب حیدر عابدی نے کہاکہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے سیرت پیغمبرؐ اور سیرت ائمہ طاہرینؑ کے مطابق زندگی گزاری ہے ،وہ جس طرح سیاست میں فعال تھے اسی طرح علمی کاموں میں بھی آخر دم تک مصروف رہے ۔جس طرح انکی سیاسی زندگی بے مثال ہے اسی طرح انکے علمی کارنامے بھی بے نظیر ہیں۔ تعزیتی جلسہ میں مولانا نثار احمد زین پوری ،مولانا تسنیم مہدی زید پوری ،مولانا افتخار حسین انقلابی ،مولانا حبیب حید ر عابدی ،مولانا فیرو زحسین ،مولانا شباہت حسین ،مولانا اصطفیٰ رضا ،مولانا ابن علی واعظ ،مولانا زوار حسین، مولانا شباب حیدر نقوی، اور دیگر علماء نے بھی اظہار خیال کیا ۔جلسہ میں آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔