پہلی نوٹس تنازعہ کا شکار پولیس نے معافی طلب کرکے دوسری نوٹس جاری کی
03:06PM Sat 16 Sep, 2017
بنگلور( بھٹکلی نیوز ):۔ بنگلور پولیس نے نجی اسکولوں میں طالبات کی عصمت دری اور جنسی ہراسانی کے معاملات کی روک تھام کے لئے نوٹس جاری کی تھی اور یہ نوٹس تنازعہ کا شکار بننے کے بعد پولیس نے معافی طلب کرنے کے بعد دوسری نوٹس جاری کی ہے ۔پولیس کمشنر ٹی سینل کمار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ کیمپا پورہ اگراہار کی ایک نجی اسکول میں 13سالہ طالب علم نے اسی اسکول کی آٹھ سالہ طالبہ کی باتھ روم میں عصمت دری کی تھی اور اس کے دو ساتھی باہر سیکیو رٹی فراہم کررہے تھے ۔اس کے علاوہ باگل گنٹے پولیس تھانہ کی حدود کیمپے گوڈا نگر میں ایک نجی ہائی اسکول میں یو کے جی کی طالبہ کے ساتھ جنسی ہراسانی کا واقعہ پیش آیا تھا۔ ان دونوں وارداتوں کو پولیس نے سنجیدگی سے لیکر جانچ شروع کی تھی اور پولیس کی جانب سے تمام اسکولوں کو بیت الخلاء ، باتھ روم اور واش روم کے اندر سی سی ٹی وی کو ڈی وی آر کے ساتھ نصب کرنے کے تعلق سے نوٹس جاری کی تھی۔ اسکولوں کے مالکوں او ر انتظامیہ بورڈ نے اس کی مخالفت کی اور پولیس سے سوال کیا کہ آخر کار باتھ روم اور واش روم میں سی سی ٹی وی کیمرے کیسے لگائے جاسکتے ہیں اور اس معاملہ کو لیکر پولیس کے خلاف دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا اور اس میں طلباء اور والدین کو شامل کرنے کا فیصلہ لیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو غلطی کا احساس ہوا اور پولیس نے دوسری نوٹس جاری کرکے حکم دیا ہے کہ اگلے 6ماہ کے اندر باتھ روم ۔ واش روم اور بیت الخلاء کے باہر یا کاری ڈار میں سی سی ٹی وی کو ڈی وی آر کے ساتھ نصب کرنا ہوگا ورنہ اسکولوں کے خلاف کاروائی ہوگی۔