بھٹکل علی پبلک اسکول میں خوبصورت اسپورٹ ڈے
12:29PM Sun 8 Dec, 2013
بھٹکل علی پبلک اسکول میں خوبصورت اسپورٹ ڈے
بھٹکلیس نیوز / 08 دسمبر، 13
بھٹکل / (راست) صبح ساڑھے گیارہ بجے علی پبلک اسکول بھٹکل میں سالانہ اسپورٹس ڈے کے آخری دن فائنل مقابلے کے ساتھ تقسیم انعامات کا جلسہ منعقد ہوا جس میں بطور مہمان خصوصی بھٹکل کے پولس سب انسپکٹرمسٹر ڈی سوزا نے خطاب کرتے ہوئے اس خوبصورت ویادگار محفل میں اپنی شرکت پر نہایت مسرت کا اظہار کرتے ہوئے طلباء کو تعلیمی میدان میں محنت کے ساتھ آگے بڑھنے اور ملک کا نام روشن کرنے کی ترغیب دی اور کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ علی پبلک اسکول کے پرفضاماحول میں رہنے والے طلباء ان کی موجودگی میں کسی دن پولیس اسٹیشن کا بھی معائنہ کریں اور وہاں کے نظام سے بھی واقفیت حاصل کریں۔
انجمن حامئی مسلمین کے جنرل سکریٹری جناب جو کاکو عبدالرحیم صاحب نے کہا کہ وہ اسکول کے اس پروگرام میں اپنی دوسری دفعہ شرکت اور کم وقت میں اسکول کی ترقی پر نہایت خوش ہیں ،انہوں نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں علی پبلک اسکول کے قیام سے انجمن کو بھی اپنی ذمہ داری کی ادائیگی میں مدد مل رہی ہے اور یہ اسکول بھی دراصل انجمن ہی کی فکرومقاصد کا فیض ہے ،انجمن بورڈ کے سکریٹری جناب عبدالرقیب صاحب یم جے نے بھی اس موقع پرطلباء کو اسلامی بنیادوں پر آگے بڑھنے کی ترغیب دی ،جلسہ کی صدارت مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی کے نائب صدرجناب دامودی سعید صاحب کی، اجلاس کے شروع میں اکیڈمی واسکول کے بانی وجنرل سکریٹری مولانا الیاس صاحب ندوی نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے اسکول کا مختصر تعارف کرتے ہوئے بتایا کہ الحمدللہ اس اسکول کو قائم ہوئے تیسرا سال ہورہاہے اور اللہ تعالی کے فضل سے طلباء وطالبات کی تعداد سات سوتک پہنچ گئی ہے اور اس کی زیرسرپرستی پورے ملک میں الحمدللہ اب تک مختلف ریاستوں میں اکّیس (21)علی پبلک اسکول کی شاخیں قائم ہوچکی ہیں اور اس میں برابراضافہ ہی ہورہاہے۔
اسکول کے ننھے منے طلباوطالبات نے اسلامی حدود میں رہتے ہوئے مختلف قسم کے کھیلوں کا دلچسپ وحیرت انگیز انداز میں مظاہرہ کیا جو دیکھنے سے تعلق رکھتے تھے اور وقفہ وقفہ سے طلبا کے مجمع سے خوشی ومسرت کے اظہار کے ساتھ گونجنے والی ماشاء اللہ ماشاء اللہ کی آوازیں اس محفل کے حسن کو دوبالاکررہی تھی۔
جلسہ میں جماعت المسلمین کے جنرل سکریٹری محتشم عبدالرحمن صاحب اور اکیڈمی واسکول کے نائب سکریٹری مولانا مقبول صاحب ندوی کے علاوہ اکیڈمی کے شعبہ اسلامیات کے سکریٹری مولانا افضل صاحب ندوی اوردیگر اراکین مولانا شعیب صاحب ندوی ،مولانا اسامہ صاحب ندوی ،مولانابشیر صاحب ندوی ،مولانا امین صاحب رکن الدین ندوی اور مولانا قذافی صاحب ندوی کے علاوہ متعدد اخباری نمائندے بھی شریک تھے۔