دوسری مرتبہ وزیراعظم کے عہدہ کا آج حلف لیں گے نریندرمودی
06:00AM Thu 30 May, 2019
نامزد وزیراعظم نریندرمودی دوسری مرتبہ وزیراعظم کےعہدہ کا آج حلف لیں گے ۔ وزیراعظم نے آج حلف لینے سے پہلے راج گھاٹ پہنچ کرمہاتما گاندھی کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کی اور پھر سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کی سمادھی پر بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے انڈیا گیٹ کے نزدیک واقع وار میموریل جاکر شہید فوجیوں کوبھی گلہائے عقیدت پیش کیا۔
حلف برداری تقریب کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور سب سے پہلے مہمان کے طورپر بنگلہ دیش کے صدر محمد عبدالحمید بدھ کی شام دہلی پہنچ گئے۔ سختی حفاظتی انتظامات کے درمیان راشٹرپتی بھون کے احاطہ میں آج شام کو سات بجے حلف برداری کی تقریب شروع ہوگی۔ جس میں نریندر مودی کے ساتھ 50سے زائد وزرا کے حلف لینے کا امکان ہے۔ صدر رام ناتھ کووند وزیراعظم اور کابینہ کے اراکین کو حلف دلائیں گے۔حلف برداری کی تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں، وزرائے اعلی، گورنروں کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں کی اہم ہستیوں اور کئی غیرملکی مہمانوں کو دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔ مغربی بنگال میں سیاسی تشدد کے شکار بنے لوگوں کے اہل خانہ کوبھی حلف برداری کی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔
بمسٹیک ملکوں کے سربراہان اور علاقائی لیڈران کی شرکت
وزیرا عظم نریندر مودی کی حلف برداری تقریب میں کئی عالمی رہنما، بمسٹیک ملکوں کے سربراہان اور علاقائی لیڈران حصہ لیں گے۔ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی حالانکہ پہلے اس آئینی تقریب میں شامل ہونے والی تھیں لیکن انہوں نے آنے سے منع کردیا۔ سنہ 2014 میں بھی ممتا بنرجی نے سیاسی مخالفت کی وجہ سے حلف برداری کی تقریب میں آنے سے منع کردیاتھا۔
نریندرمودی نے خلیج بنگال کے سرحدی یا ساحلی ممالک کے عالمی تکنیکی اور معاشی تعاون کی تنظیم بمسٹیک کے رکن ممالک ہندوستان،بنگلہ دیش ، میانمار، سری لنکا، تھائی لینڈ بھوٹان اور نیپال کے رہنماؤں کو تقریب میں مدعو کیا ہے ۔ پاکستان کو اس تنظیم سے باہر رکھا گیاہے۔
بنگلہ دیش کے صدر محمد عبدالحمید، سری لنکا کے صدر میتری پال سری سینا، میانمار کے صدر یو وِن منت، بھوٹان کے وزیر اعظم لوتے شیرنگ، نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اولی، ماریشس کے وزیراعظم پروند کمار جگناتھ اور تھائی لینڈ کے خصوصی ایلچی گریساڈا بون راچ مودی کی تقریبِ حلف برداری میں شریک ہوں گے۔ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے موجودہ صدر کِرگیج جمہوریہ کے صدر سورون جین بیکو بھی نئی دہلی آرہے ہیں۔
کابینہ میں ایل جے پی اور جے ڈی یو کو ملے گی نمائندگی
بی جے پی کے صدر امت شاہ اور وزیر اعظم مودی کے ساتھ تین گھنٹے کی طویل میٹنگ ہوئی جس میں دونوں نے کابینہ کی تشکیل کے سلسلے میں شدید غوروخوض کیا۔ امت شاہ نے آج ہی جنتا دل یونائیٹیڈ (جے ڈی یو) کے لیڈر اور بہارکے وزیراعلیٰ نتیش کمار سے گفتگو کی۔ نتیش کمار کی پارٹی رخصت پذیر حکومت میں شامل نہیں تھی۔ نئی لوک سبھا میں 303 اراکین بی جے پی کے ہیں اور دیگر 50 رکن دوسرے اتحادی پارٹیوں کے ہیں۔ لوک جن شکتی پارٹی(ایل جے پی) کی جانب سے رام ولاس پاسوان ہی کابینہ میں شامل ہوں گے۔ بی جے پی کے صف اول کے رہنماؤں میں سے ایک ارون جیٹلی نے خرابی صحت کی وجہ سے وزیربننے سے انکار کر دیا ہے۔امت شاہ اورسشما سوراج کے نئی کابینہ میں شامل ہونےکے سلسلے میں مختلف قسم کی قیاس آرائیاں چل رہی ہیں۔ امید ہے کہ مغربی بنگال سے بی جے پی کے فاتح 18 امیدواروں میں سے کئی ایک کو 2021 کے اسمبلی انتخابات کاخیال کرتے ہوئے وزیربنایا جاسکتاہے۔
سونیا گاندھی، منموہن سنگھ ، راہل گاندھی بھی کرینگے شرکت
یو پی اے کی سربراہ سونیا گاندھی، سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور کانگریس کے صدر راہل گاندھی آج وزیراعظم نریندرمودی کی حلف برداری تقریب میں شریک ہوں گے۔کانگریس کے ذرائع کے مطاابق سونیا گاندھی، ڈاکٹرمنموہن سنگھ اور راہل گاندھی راشٹرپتی بھون میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں شرکت کریں گے۔ سونیا گاندھی اورڈاکٹر سنگھ پچھلی بار بھی نریندرمودی کے وزیراعظم کے عہدہ کی حلف برداری تقریب میں شامل ہوئے تھے۔ اس وقت سونیا گاندھی کانگریس کی صدر تھیں۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد بھی تقریب میں شامل ہوں گے۔
راہل گاندھی پہلی بار اہم اپوزیشن پارٹی کی صدر کے طورپر وزیراعظم عہدہ کے لئے منعقدہ حلف برداری تقریب میں شرکت کریں گے۔ راہل گاندھی نے گزشتہ برس کانگریس کی کمان سنبھالی تھی لیکن پچھلے ہفتہ منعقدہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں پارٹی کی شکست کی ذمہ دای لیتے ہوئے انہوں نے صدر کے عہدہ سے استعفی دینے کی پیش کش کی تھی۔