بزدلانہ حرکتوں سے مسلم قیادت کو خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا : مشاورت

05:40AM Tue 28 Oct, 2014

بھٹکلیس نیوز / 28 اکتوبر، 14 نئی دہلی / (یو این آئی) آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت نے شاہی امام مولانا سید احمد بخاری پر قاتلانہ حملہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے مسلم قیادت کو خوفزدہ کرنے کی بزدلانہ کوشش سے تعبیر کیا ہے۔ یہاں جاری ایک بیان میں مسلم مجلس مشاورت کے جنرل سکریٹری اور ترجمان معصوم مراد آبادی نے کہا کہ شاہی امام کا قصور یہ ہے کہ وہ بے باکی اور جرأت کے ساتھ مسلمانوں پر ہورہے مظالم کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں، جو ان کا جمہوری اور دستوری حق ہے۔ ہوسکتا ہے کہ کچھ طاقتیں ان کے حوصلے کو توڑنا چاہتی ہوں۔ یہ حملہ مسلم قیادت کی آواز دبانے اور انہیں خوفزدہ کرنے کی کوشش کا ایک حصہ ہوسکتا ہے تاکہ مسلم مسائل پر آواز اٹھانے والے خاموش ہوکر گھر بیٹھ جائیں اور فسطائی طاقتیں اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہوجائیں۔ انہوں نے کہا ملک میں فسطائی طاقتیں اقلیتوں اور کمزور طبقوں کی آواز دبانے کے لئے کوشاں ہیں اور ملک میں یک رخی نظام قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ مسلم مجلس مشاورت کے جنرل سکریٹری نے مزید کہا ہے کہ حکومت ایمانداری کے ساتھ اس قاتلانہ حملہ کی تحقیات کرے اور اس کے پس پشت کار فرما عناصر کا پتہ الگا کر انہیں بے نقاب کرے۔