می ٹو مہم : ہتک عزت معاملہ میں ایم جے اکبر نے عدالت میں درج کرایا اپنا بیان
02:13PM Wed 31 Oct, 2018
خارجہ امور کے سابق وزیرمملکت ایم جے اکبر نے صحافی پریہ رمانی کے خلاف دائر ہتک عزت کے اپنے مقدمہ کے سلسلہ میں بدھ کو دہلی کی ایک عدالت میں بیان درج کرایا۔ رمانی نے مسٹر اکبر کے خلاف تقریباََ 20برس پہلے جنسی استحصال کا الزام لگایا ہے۔ مسٹر اکبر ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ سمر وشال کی عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ رمانی نے جان بوجھ کر ، ارادتاََ اور بدنیتی سے میرے خلاف ہتک عزت کرنے والے الزام لگائے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ایک ایجنڈہ کو پورا کرنے کے لئے ارادتاََ ان کے خلاف ایک جھوٹی شکایت نشر کی گئی۔انہوں نے کہاکہ رمانی نے نہ صرف سماج میں ان کے شبیہ کو گہری چوٹ پہنچائی ہے بلکہ ان کے ایسا کرنے سے برادری، دوستوں، کنبہ اور معاونین کے درمیان ان کی شبیہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ اس سے کافی انہیں بہت تکلیف ہوئی ہے۔
مسٹر اکبر نے اپنی ہتک عزت سے متعلق شکایت میں رمانی کے خلاف دفعہ 499(ہتک عزت) اور تعزیرات ہند کی دفعہ 500کے تحت نوٹس جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ پریہ رمانی، غزالہ وہاب، شوما راہا، انجو بھارتی، شوتاپا پال اور کچھ دیگر خواتین نے اکبر کے خلاف جنسی استحصال کے الزامات عائد کئے ہیں۔