دہلی یونیورسٹی میں 'اسلام اوربین الاقومی رشتہ' پرشروع ہوگا نیا کورس، ناقدین نے کہا 'ہندومذہب' بھی پڑھائیے
02:49PM Tue 30 Oct, 2018
دہلی یونیورسٹی (ڈی یو) کے شعبہ سیاسیات (پولیٹیکل سائنس ڈپارٹمنٹ) نے "اسلام اورانٹرنیشنل ریلیشن" (اسلام اور بین الاقوامی رشتہ) کے موضوع پرپوسٹ گریجویشن کورس شروع کرنے کی تجویزدی ہے۔ اس کورس کواب اکیڈمک کونسل کی منظوری کا انتظارہے۔
اس نئےکورس میں طلبا کواسلام کی تاریخ، ثقافت اورمذہبی افکارکے درمیان تعلقات کو سمجھنے کے لئے اس کے تصورات، نظریہ اورفلسفہ جیسے موضوعات کے بارے میں پڑھایا جائے گا۔ اسلام کے تصوراورعقیدہ سے متعلق کئی باب ہیں۔ اس کے ساتھ ہی طلبا کو پڑھایا جائے گا کہ اس کی مدد سے کیسے بین الاقوامی تعلقات کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔
دہلی یونیورسٹی کے اکیڈمک افیئرس (تعلیمی امور) کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی حالیہ میٹنگ میں ڈاکٹر گیتا بھٹ نے سوال کیا تھا کہ دیگرمذاہب کو کیوں چھوڑا جائے؟ انہوں نے کہا کہ "اسلام اوربین الاقوامی تعلقات ہی کیوں؟ ہم بین الاقوامی تعلقات کے ضمن میں دوسرے مذاہب کی پڑھائی کیوں نہیں کرسکتے؟کورس کو تیارکرنے والے پروفیسرسنجیوکمار ایچ ایم نے نیوز 18 سے بات چیت میں کہا "اس پرکسی نے مخالفت درج نہیں کرائی ہے۔ بس ایک مشورہ آیا ہے کہ ہمیں دیگرمذاہب کو بھی شامل کرنا چاہئے۔ ہم سے پوچھا گیا کہ صرف اسلام ہی کیوں؟ ہم ہندومذہب اوربین الاقوامی تعلقات یا بودھ مذہب اوربین الاقوامی تعلقات یاعیسائی مذہب اوربین الاقوامی تعلقات کا کورس شروع کیوں نہیں کرسکتے؟
پروفیسر سنجیوکمارنے امید ظاہرکیا کہ کورس کواکیڈمک کمیٹی میں منظوری مل جائے گی۔ اسٹینڈنگ کمیٹی نے اس کے لئے حامی بھردی ہے۔ حالانکہ ان کا مشورہ ہے کہ دیگرمذاہب پربھی اسی طرح کے کورس تیار کئے جانے چاہئے۔