بھٹکل میں آج پہلا روزہ مکمل: لاک ڈاؤن کے پانچویں جمعہ پر بھی مساجد بند

04:08PM Fri 24 Apr, 2020

بھٹکل: 24 اپریل، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) جمعہ کی رات کالی کٹ کے کاپاڈ ساحل پر چاند دیکھنے کی تصدیق کے بعد بھٹکل میں بھی قاضی صاحبان نے آج جمعہ کو پہلا روزہ ہونے کا اعلان کیا تھا جوکہ الحمد للہ مکمل بھی ہوگیا ہے۔ لاک ڈاؤن کے چلتے سابقہ سالوں کی طرح امسال رمضان کی وہ رونقیں اور چہل پہل نہیں دکھائی دے رہی ہیں اور نہ ہی مسجدوں کا وہ نورانی منظر نظر آرہا ہے۔ اس وجہ سے عوام میں افسوس بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ آج بھٹکل سمیت دکن کے کچھ علاقوں میں رمضان المبارک کا پہلا جمعہ تھا لیکن لاک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے بھٹکل میں کسی بھی مسجد میں جمعہ ادا نہیں کی گئی۔ تعلقہ انتظامیہ کے افسران سمیت بھٹکل کے قاضی صاحبان نے بھی عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ اس ماہ مبارک میں گھروں پر ہی اپنی عبادتیں ادا کریں اور اس مہلک بیماری کو ختم کرنے میں انتظامیہ کی مدد کریں۔