طلبہ میں تجارتی صلاحیتوں کو فروغ دینے بچوں کی مارکیٹ نہایت کارگر ہوگی؛ ڈاکٹر سریش نائک
04:02PM Mon 8 Jul, 2019
بھٹکل: 8 جولائی،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو)’’ طالب علمی کے زمانہ سے ہی اگر طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ تجارتی سرگرمیاں بھی کرائی جائیں تو اس سے طلبہ کو اس میدان کی بھی معلومات حاصل ہوتی ہیں جو آگے جاکر ان کے لیے کافی فائدہ مند ہوتی ہیں‘‘۔ ان خیالات کا اظہار بھٹکل ایجوکیشن ٹرسٹ کے صدر ڈاکٹر سریش نائک نے کیا وہ آج یہاں بھٹکل عیدگاہ سے متصل ودھیا بھارتی اسکول میں طلبہ کی جانب سے منعقد کیے گئے ’بچوں کی مارکیٹ‘ پروگرام میں عوام سے مخاطب تھے۔
انہوں نے اس موقع پر اساتذہ اور صدر مدرسہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس جیسے پروگرام سے طلبہ کی خوابیدہ صلاحیتیں ابھر کر سامنے آتی ہیں اور ان کے پسند کی چیز ہونے کے سبب طلبہ ایسی سرگرمیوں میں زیادہ حصہ لیتے ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر سریش نے طلبہ سے خریداری بھی کی۔ پروگرام میں اسکول کی صدر مدرسہ روپا رمیش کھاروی اور دیگر اساتذہ موجود تھے۔