درزی کے بیٹے شاداب حسین نے پہلی ہی کوشش میں سی اے امتحان کیا ٹاپ

01:25PM Thu 24 Jan, 2019

راجستھان کے کوٹہ کے رہنے والے شاداب حسین نے سی اے کا فائنل امتحان ٹاپ کر کے اپنے ملک اور خاندان کا نام روشن کیا ہے۔ حسین نے 74.63 فیصد نمبر کے ساتھ کل 800 میں سے 597 نمبر حاصل کئے۔ حسین نے کوٹہ یونیورسیٹی سے بی کام کی ڈگری حاصل کی ہے۔ ان کے والد درزی ہیں اور انہوں نے 10 ویں تک تعلیم حاصل کی ہے۔ ان کی ماں اسکول ڈراپ آوٹ ہیں۔ اپنی چار بہنوں میں وہ اکیلے بھائی ہیں۔ حالانکہ ان کے والدین انتہائی کم تعلیم یافتہ ہیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے اپنے بیٹے کو اسکول کی مناسب تعلیم دلانے کے لئے سخت محنت کی۔ تیئس سالہ شاداب حسین نے انڈین ایکسپریس ڈاٹ کام کے ساتھ بات چیت میں کہا ’’ میں ایک باوقار ملازمت پانے کے لئے دن و رات پڑھتا رہتا تاکہ میرے والدین اپنی عمر درازی کو لے کر فکرمند اور پریشان نہ ہوں۔ میں نے چارٹرڈ اکاونٹینسی( سی اے) کو ایک باوقار پیشہ سمجھا کیونکہ یہ ایک ایسا پیشہ ہے جس میں انسان زندگی بھر سیکھ سکتا ہے۔ بہت زیادہ غور وخوض کے بعد بالآخر میں نے سی اے بننے کا ارادہ کر لیا۔