نیوزی لینڈ مسجد حملہ : آسٹریلیائی سینیٹر پر انڈا پھوڑنے والے لڑکے پر پیسوں کی بارش ، اب تک ملے 27 لاکھ
12:43PM Mon 18 Mar, 2019
Share:
نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ کی دو مسجدوں میں قتل عام کو لے کر متنازع بیان دینے والے آسٹریلیائی سینیٹر کے سر پر ایک نوجوان نے انڈا پھوڑ دیا ۔ فریجر ایننگ نے نیوزی لینڈ حملے کیلئے مسلم تارکین وطن کو مورد الزام ٹھہرایا تھا ۔ جب وہ میڈیا سے بات کررہے تھے تبھی ایک لڑکے نے پیچھے سے آکر اس کے سر پر انڈا پھوڑ دیا ۔
اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے اور پوری دنیا میں اس کو شیئر کیا جارہا ہے ۔ سینیٹر کے سر پر انڈا پھوڑنے والا نوجوان بھی فیس بک اور ٹویٹر پر کافی مقبول ہوگیا ہے اور اس پر پیسوں کی کافی بارش بھی ہورہی ہے ۔
اب تک اس لڑکے کو 43 ہزار ڈالر ( 2744960 روپے ) عطیہ بھی مل چکے ہیں ۔ یوزرس کہہ رہے ہیں کہ اس نوجوان کو ان پیسوں سے مزید انڈے خریدنے چاہئیں اور نفرت آمیز بیانات دینے والوں پر انہیں پھینکنا چاہئے ۔
دراصل ہفتہ کو آسٹریلیائی سینیٹر فریجر ایننگ نے ایک بیان میں نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ شہر میں مسجدوں پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کیلئے مسلم امیگریشن کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا ، جس کے بعد اس نوجوان نے ایننگ کے سر پر انڈا دے مارا تھا ۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب آسٹریلیائی سینیٹر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔