ویلفئیر پارٹی کی طرف سے آئندہ ماہ بھٹکل میں یوتھ کانفرنس کا انعقاد
01:55PM Sun 29 Jan, 2017
بھٹکلیس نیوز / 29 جنوری،2017
بھٹکل / (اے جے اسدی) ویلفئیر پارٹی کی طرف سے نوجوانوں میں سیاسی بیداری پیدا کرنے کی غرض سے ایک مہم چل رہی ہے اس تعلق سے ضلع دکشن کنڑا، اڈپی،کورگ اور مینگلورو کے ضلعوں کو ملا کر ایک یوتھ کانفرنس فروری کی26/تاریخ کو بھٹکل میں منعقد ہونے والی ہے۔ اس کی اطلاع ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کے ریاستی سکریٹری جناب طاہر حسین صاحب نے دی ہے،وہ ہفتہ کے روز یہاں ویلفئیر اسپتال میں منعقد ایک میٹنگ میں اراکین سے بات کر رہے تھے۔ انہوں نے یہاں اپنے خیالات کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ اخلاقی اقدار پر سیاست کرنے کی غرض سے ویلفئیر پارٹی میدان میں اتری ہوئی ہے اس پارٹی کے اہم مقاصد میں ملک کی بے لوث خدمت کرنا اور اخلاقی اقدار کی پاسداری کرتے ہوئے سیاست کرنا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کو اس ملک کی اہم طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک اگر تبدیل ہوسکتا ہے تو نوجوانوں کے اٹھ کھڑے ہونے سے ہی ہوسکتا ہے ورنہ جب تک خراب ذہن اور فرقہ واریت سےبھرپور لوگ کام کریں گے تب تک ملک کی ترقی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے یوتھ کانفرنس کے تعلق سے مزید تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ اس میں نوجوانوں کے لئے تقریری اور تحریری مقابلے ،نکڑ ناٹک، بائک ریلی اور جلوس وغیرہ کا اہتمام کیا جائے گا جس میں ضلع بھر سے کل 5000/ہزار کے قریب نوجوانوں کے حصہ لینے کی امید ہے ۔ اس کے علاوہ اس میں ریاست کے اعلیٰ لیڈران بھی حصہ لیں گے۔
اس نشست میں یوتھ کانفرنس کے منتظم جناب محمد اشرف صاحب،اتر کینرا ویلفئیر پارٹی کے صدر جناب محمد یونس رکن الدین صاحب، چیف سکریٹری شوکت خطیب صاحب، اڈپی یوتھ صدر جناب رئیس احمد صاحب، اڈپی ضلع کے صدر جناب عبدالعزیز صاحب، جناب عبدالرزاق صاحب، جناب سید اشرف برماور صاحب، جناب فاروق صاحب، جناب عبدالماجد کولا صاحب، جناب قمرالدین مشائخ صاحب اور دیگر حضرات موجود تھے۔