ملک اور سماج میں کمیونلزم اور دہشت گردی کو روکنے کیلئے کسی خاص سیکشن کے انٹریسٹ کے مقابلہ میں نیشنل انٹریسٹ کا سپریم ہونا ضروری : مولانا محمود مدنی
12:51PM Fri 2 Mar, 2018
نئی دہلی : وگیان بھون نئی دہلی میں اردن کے شاہ عبداللہ ثانی ابن الحسین کے ہاتھوں اور وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں ہز رائل ہائی نیس پرنس غازی بن محمد کی کتاب’ ’ پرنس اے تھنکنگ پرسنز گائیڈ ٹو اسلام ’’کے اردو ایڈیشن کا اجراء عمل میں آیا۔اس کتاب کا ا نگریزی ایڈیشن انگلینڈ سے شائع ہوا تھا اور اب اس کی افادیت کی پیش نظر جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے اس کا اردو ایڈیشن شائع کرایا ہے۔ مزید زبانوں بالخصوص ہندی اور گجرات میں بھی اس کا ایڈیشن جلد شائع ہو گا ۔
اس موقع پر کتاب کا تعارف پیش کرتے ہوئے مولانا محمودمدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک اور سماج میں کمیونلزم اور دہشت گردی کو روکنے کے لیے کسی خاص سیکشن کے انٹریسٹ کے مقابلے میں نیشنل انٹریسٹ کا سپریم ہونا ضروری ہے۔مولانا مدنی نے اس موقع پر ۸ نکاتی خطاب میں جہاں اسلام کے پیغام امن اور رواداری پر روشنی ڈالی وہیں ملک کے لیے مسلمانوں کی وسیع خدمات کا بھی ذکر کیا ۔
تعارف پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام باشندگان وطن کے ساتھ دوستانہ تعلق قائم کرنے کا حکم دیتا ہے ۔ ملک اور سماج میں کمیونلزم اور دہشت گردی کو روکنے کے لیے کسی خاص سیکشن کے مفاد کے مقابلے میں قومی مفاد کا سپریم ہونا ضروری ہے ۔ ہمارے بڑوں نے مذہبی نقطہ نظر سے قومی مفادات کو بڑی اہمیت دی ہے ۔ ہمارے بڑوں کا فیصلہ ہے کہ ہندستانی مسلمانوں کا مفاد اس ملک کے مفاد سے الگ نہیں ہو سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ جمعیۃ علماء ہند نے ہمیشہ کمیونلزم اور ٹیررز م کے خلاف جہاد کیا ہے ، ہماری لڑائی پچھلے ایک ڈکیڈ سے جاری ہے ۔ ہم دہشت گردی کے خلاف چھ ہزار مفتیوں اور علماء کی طرف سے فتوی لے کر آئے اور اس کے بعدملک کے کونے کونے میں جاکر ڈھائی سو سے زیادہ کانفرنسیں کیں ۔ہم نے دنیا کو بتایا کہ ٹیررزم کے خاتمے میں اسلام ہی کا سب سے بڑا رول ہو گا۔ میں دنیا کی بڑی طاقتوں سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے ریزولیشن میں اسلام کے میسیج آف پیس کو شامل کریں ، کیوں کہ ریلیجین دنیا کی میجاریٹی کے لیے مشعل راہ ہے ۔اس لیے نفرت اور برائی کو مٹانے میں مذہب سے بڑا کوئی ہتھیار نہیں ہے ۔