سعودی عرب میں آن لائن نکاح رجسٹریشن کا آغاز

04:57PM Sun 7 Aug, 2016

سعودی عرب میں آن لائن نکاح رجسٹریشن کا آغاز ہزاروں نکاح خواں حضرات کو خصوصی تربیت دی جائے گی سعودی عرب کی وزارت انصاف وقانون نے پیش آئند چند ہفتوں کے دوران ملک بھرمیں نکاح کی آن لائن رجسٹریشن کا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ نکاح کی آن لائن رجسٹریشن سے میاں بیوی کے حقوق کا تحفظ ملے گا. العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق وزارت انصاف و قانون کے سیکرٹری الشیخ عبدالعزیز الناصر نے میڈیا کو بتایا کہ حکومت نے نکاح کی آن لائن رجسٹریشن کا پروگرام شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ آنے والے چند دنوں میں ملک بھرمیں عقد نکاح کا آن لائن اندراج شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال مملکت میں مجموعی طورپر ایک لاکھ 70 ہزار نکاح کی رجسٹریشن کی توقع ہے۔ الشیخ عبدالعزیز الناصر کا کہنا تھا کہ وزارت انصاف نکاح خوان حضرات کی جدید تقاضوں کے پیش نظر تربیت کا ایک نیا پروگرام بھی شروع کرنے والی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو آن لائن نکاح کی رجسٹریشن اور نکاح خوان حضرات کی رہ نمائی کے لیے عائلی بہبودکے لیے سرگرم ادارے کی معاونت لی جائے گی۔ اس ضمن میں 6533 نکاح خواں حضرات کی ابتدائی طور پر تربیت کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔