ریاست میں اسمبلی انتخابات کی تیاریاں شروع ای وی ایم کی آمد۔آج سے جانچ شروع ہوگی۔ ووٹنگ کیلئے مشینیں ہی استعمال کرنے ریاستی الیکشن کمیشن کا فیصلہ
03:42PM Tue 27 Feb, 2018
بنگلورو۔26؍فروری (قادری سینئر رپورٹر) ریاست میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے ریاستی انتخابی کمیشن نے اپنی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ حالانکہ ابھی انتخابی ضوابط و اخلاق نافذ نہیں ہوا ہے ، اس کے باوجود ریاستی انتخابی کمیشن نے ابھی سے اپنی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ انتخابی کمیشن کل27فروری سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) مشینوں کی جانچ کا کام شروع کرنے والا ہے ۔ ریاست کیلئے درکار ووٹنگ مشین مختلف ریاستوں سے حاصل کئے جارہے ہیں ۔فی الوقت گجرات ، اترپردیش، تملناڈو، آندھرا پردیش، کیرلا سمیت دیگر ریاستوں سے ووٹنگ مشینیں حاصل کرکے وہ ریاست کے مختلف اضلاع کے لئے روانہ کئے گئے ہیں۔آج صبح بنگلور شہری ضلع کے مہادیوپورہ، داسرہلی، بنگلور ساؤتھ، یلہنکا، یشونت پور، بیاٹ رائن پورہ، آنیکل اسمبلی حلقو ں کے لئے درکار ووٹنگ مشینوں میں سے3090ووٹنگ مشینیں اور 7070 کنٹرول یونٹیں گجرات سے منگوائی گئی ہیں ۔ ان تمام ووٹنگ مشینوں کو محکمہ محصولات کے ’’کندایہ بھون‘‘ کے اسٹرانگ روم میں پوری سکیورٹی کے ساتھ محفوظ رکھاگیاہے ۔جن کی نگرانی رپیڈ ایکشن فورس (آر اے ایف) کے جوان کررہے اور اسٹرانگ روم کے اندر اور باہر اطراف واکناف خفیہ کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔یہاں تعینات جوان چوبیس گھنٹے پہرا دیتے رہیں گے۔ یہاں پہنچی تمام ووٹنگ مشینوں کی ایک مرتبہ جانچ کی جاچکی ہے اور آخری جانچ کل سے ہونے والی ہے ۔ بھارت الیکٹرانکس لمیٹڈ (بی ای ایل) کے ماہرین ہرایک مشین کی مکمل جانچ کریں گے ۔ جانچ کا کام مکمل ہونے کے بعد یہ ای وی ایم مشینیں اسمبلی حلقوں کے لئے تقسیم کردی جائیں گی۔ ریاستی انتخابی کمیشن نے اس مرتبہ اسمبلی انتخابات کے لئے سخت اقدامات کرتے ہوئے پاک وشفاف انتخابات کرانے کے لئے درکار ہر طرح کے اقدام کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انتخابات کے دوران بدعنوانیوں کو موقع فراہم نہ کرنے کے مقصد سے بھی ضروری اقدامات اٹھائے ہیں ۔گجرات، اترپردیش کے اسمبلی انتخابات میں ای وی ایم سے چھیڑ چھاڑ کرنے کا بی جے پی پر سخت الزام لگایاگیا ہے اور ریاست میں بھی بی جے پی اس طرح کا غلط اقدام کرنے کا بھی شبہ زیادہ ہونے لگا ہے ۔ اس لئے اس مرتبہ ای وی ایم مشینوں کا استعمال کرنے کے بجائے بیلٹ پیپر کا ہی استعمال کرنے کے لئے کانگریس کے کئی لیڈروں نے و زیراعلیٰ سدارامیا سے گزارش بھی کی ہے ۔ لیکن انتخابی کمیشن نے اس نظام میں کسی بھی طرح کی کوئی تبدیلی لائے بغیر ای وی ایم مشینوں کا استعمال ہی کرنے کافیصلہ کیا ہے اور مشینوں میں کسی بھی طرح کی کوئی چھیڑ چھاڑ نہ ہو اس پر کڑی نظر رکھتے ہوئے ای وی ایم مشینوں کی ایک سے دو مرتبہ جانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کسی بھی طرح کے شک و شبہات پیدا نہ ہوں اور انتخابات کے دوران ای وی ایم مشینوں کو لے کر کسی بھی طرح کی افراتفری کا ماحول پیدا نہ ہو۔اس لئے ریاستی انتخابی کمیشن نے کل دوبارہ ای وی ایم مشینوں کی جانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور جانچ کے فوری بعد ہر ایک اسمبلی کے لئے درکار ا ی وی ایم مشینیں تقسیم کرے گا۔